QR CodeQR Code

امریکا کی طرف سے سندھ کیلئے تحفہ، 71 اسکول نجی شعبے کو دے دیئے گئے

22 Jul 2020 18:15

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ اس وقت صوبے بھر میں 70 اسکولز تعمیر ہوچکے ہیں، جن میں 43 سندھ حکومت نجی شعبے کے تعاون سے چلا رہی ہے، ان میں سے 25 نئے اسکول صوبے کے 5 اضلاع دادو، قمبر، شہداد کوٹ، کراچی اور لاڑکانہ میں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے یو ایس ایڈ کے 71 اسکولوں کو نجی شعبے کو دینے کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی موجودگی میں USAID کے نئے قائم کئے گئے 71 اسکولوں کو نجی شعبے کو دینے کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے، یہ معاہدہ حکومت سندھ، CFC اور HANDS کے درمیان 10 برس کے لئے طے پایا ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ان اسکولوں کو ہینڈز 10 سالوں تک محکمہ تعلیم کی نگرانی میں چلائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ میں سندھ حکومت ملک میں سب سے بہتر کام کر رہی ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ 71 اسکول یو ایس ایڈ کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت قائم کئے گئے ہیں اور یہ امریکی حکومت کی طرف سے سندھ کے لئے تحفہ ہے، انہیں قائم کرنے کے لئے امریکا نے 159.2 ملین ڈالرز جب کہ سندھ حکومت نے 10 ملین ڈالرز خرچ کئے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ اس وقت صوبے بھر میں 70 اسکولز تعمیر ہوچکے ہیں، جن میں 43 سندھ حکومت نجی شعبے کے تعاون سے چلا رہی ہے، ان میں سے 25 نئے اسکول صوبے کے 5 اضلاع دادو، قمبر، شہداد کوٹ، کراچی اور لاڑکانہ میں ہیں۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ آج کی تقریب میں 70 اسکولوں کا انتظام نجی شراکت داروں کو دینے کا معاہدہ ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے USAID کا شکریہ ادا کیا کہ وہ سندھ میں تعلیم کے شعبے میں ترقی کے لئے مدد کر رہے ہیں۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ان اسکولوں میں بہتر تعلیم، جدید ٹیچنگ کے ذرائع اور خاص طور پر بچیوں کو واپس لانے کا پروگرام شامل کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 875972

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/875972/امریکا-کی-طرف-سے-سندھ-کیلئے-تحفہ-71-اسکول-نجی-شعبے-کو-دے-دیئے-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org