QR CodeQR Code

حکومت نیب قانون میں تبدیلی پر اتفاق کرکے مکر جاتی ہے، رانا ثناء اللہ

اعتزاز احسن کی ذہنی حالت درست نہیں، انکے علاج کیلئے ڈاکٹر بھی تجویز کرسکتا ہوں

23 Jul 2020 12:33

لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن ایک اچھے وکیل اور انسان تھے، مگر اب اعتزاز احسن کی ذہنی حالت درست نہیں، انہیں اپنے علاج پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، انکے ذہنی علاج کیلئے ڈاکٹر بھی تجویز کرسکتا ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے رہنماء اور سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن ایک اچھے وکیل اور انسان تھے، مگر اب اعتزاز احسن کی ذہنی حالت درست نہیں، انہیں اپنے علاج پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ان کے ذہنی علاج کیلئے ڈاکٹر بھی تجویز کرسکتا ہوں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اعتزاز احسن کو اپوزیشن اتحاد کیخلاف بات کرکے ماحول کو خراب نہیں کرنا چاہیئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت انتقام کی آگ میں جل رہی ہے، نیب حکومت کے ہاتھ میں ایک ہتھیار ہے، جو مخالفین کیخلاف استعمال ہو رہا ہے، یہ انتقام اب مزید زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا قانون اندھا اور انتقام پر مبنی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہوچکا یے کہ نیب سیاسی انجنئیرنگ کرنیوالا ادارہ بن چکا ہے، نیب کو بند اور اس کے چیئرمین کو مستعفی ہو جانا چاہیئے۔
 
نیب قانون میں ترمیم پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میں گذشتہ دو سال کمیٹیوں کا حصہ رہا، حکومت ہمارے ساتھ بیٹھ کر نیب قانون میں تبدیلی میں اتفاق کرتی ہے، بعد میں مگر جاتی ہے، نیب قوانین میں ترمیم پر حکومت نے اتفاق کیا، فروغ نسیم نے بھی اس کا اعتراف کیا کہ ہمیں اجازت نہیں ملی۔ لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک کو دلدل میں پھنسا دیا ہے، حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں، دو سال میں عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، کورونا آئے 6 ماہ ہوئے مگر یہ ملک کی معیشت کو پہلے ہی ڈبو چکے تھے، کوئی شخص ملک میں آنے کو تیار نہیں، اب حکومت فنانشل ٹیرر کا قانون لا رہی ہے، اب جو شخص باہر پیسے بھیجے، وہ دہشتگرد بنا دیا جائے گا۔ اپوزیشن اتحاد پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انتقام اور نفرت کے سوا حکمرانوں کی کوئی پالیسی نہیں، اپوزیشن اور (ن) لیگ کی کوشش ہے کہ تمام اپوزیشن ایک پلیٹ فارم پر لائحہ عمل طے کرکے حکمرانوں کی نفرت اور انتقام سے نجات مل سکے۔


خبر کا کوڈ: 876077

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/876077/حکومت-نیب-قانون-میں-تبدیلی-پر-اتفاق-کرکے-مکر-جاتی-ہے-رانا-ثناء-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org