0
Thursday 23 Jul 2020 13:21

تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ فرقہ واریت کے خاتمے میں سنگ میل ثابت ہوگا، فیاض چوہان

تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ فرقہ واریت کے خاتمے میں سنگ میل ثابت ہوگا، فیاض چوہان
اسلام ٹائمز۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ پاس کرنے پر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور تمام اراکین اسمبلی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تحفظ اسلام بل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے اس موضوع پر قانون سازی کر کے دیگر صوبوں کیلئے قابلِ تقلید مثال قائم کی ہے۔ ایکٹ کے مطابق رسول اللہؐ، انبیاء کرامؑ، اہلِ بیتؑ، خلفائے راشدین، صحابہ کرام اور امہات المومنین کے بارے میں توہین آمیز کلمات پر کاروائی کی جا سکے گی۔
 
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اسی طرح انبیاء کرامؑ، فرشتوں، قرآن مجید اور اسلام کے بارے میں متنازعہ اور توہین آمیز الفاظ قابل گرفت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر مذاہب، الہامی کتب جیسے تورات، زبور، انجیل، مقدس ہستیوں کیخلاف گستاخانہ مواد کی اشاعت پر بھی پکڑ ہو سکے گی۔ یہ ایکٹ ملک میں مذہبی رواداری کے فروغ اور فرقہ واریت کے خاتمے میں ایک سنگِ میل ثابت ہو گا۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اس ایکٹ کے تحت رسول اکرمؐ کے نام کیساتھ خاتم النبیین اور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیرِ اطلاعات میرے لیے اور پورے محکمہ کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے۔
خبر کا کوڈ : 876086
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش