0
Thursday 23 Jul 2020 22:55

ایکٹ میں جعل سازی، گلگت بلتستان کے مقامی افسران کا عدالت جانے کا اعلان

ایکٹ میں جعل سازی، گلگت بلتستان کے مقامی افسران کا عدالت جانے کا اعلان
  اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے مقامی افسران کی تنظیم سول سروس ایسوسی ایشن نے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے بل میں جعل سازی کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔ جی بی سی ایس کی کابینہ نے اپنے ایک ہنگامی اجلاس میں کنٹریکٹ سرونٹ ریگولرائزیشن ایکٹ 2020 مبینہ جعل سازی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی ہے اور راتوں رات ڈیپوٹیشنسٹ کے لئے قانون سازی میں ہیرا پھیری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس مبینہ جعل سازی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ سیکریٹری انفارمیشن گلگت بلتستان سول سروس ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اس امر پر حیرت کا اظہار کیا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی جس کی حیثیت بھی آئینی نہیں وہ کیسے وفاقی ملازمین اور آئینی صوبوں کے ملازمین سے متعلق قانون سازی کر سکتی ہے؟

بیان میں کہا گیا ہے سول سیکریٹریٹ میں کوئی بھی ملازم کنٹریکٹ پر بھرتی نہیں ہو سکتا ہے۔ یہ گلگت بلتستان سول سروس کے ڈھانچے کو تباہ کرنے کی ایک مذموم سازش ہے جسے عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں قانون سازی مفاد عامہ کے بجائے چند مخصوص افراد کو نوازنے کے لئے کی جاتی ہے جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ڈیپوٹیشن کے قواعد و ضوابط واضح ہیں اور مذکورہ ایکٹ میں اس سلسلے میں قانون سازی کا کوئی جواز نہیں کیونکہ وفاقی حکومت کے ڈیپوٹیشن رولز تمام صوبوں میں نہ صرف پہلے سے رائج ہیں بلکہ ان رولز کو صوبائی رولز پر برتری حاصل ہے اور جو پہلے سے ریگولر ملازم ہیں ان کو مزید ریگولر کیسے کیا جاسکتا ہے؟ اجلاس میں گورنر گلگت بلتستان، چیف جج سپریم ایپلٹ کورٹ، چیف جسٹس چیف کورٹ اور چیف سیکریٹری سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی گئی، اس قسم کے ذاتی مفاد کے لئے کی گئی قانون سازی اور جعل سازی کا بروقت نوٹس لیا جائے اور اس ایکٹ پر عمل درآمد کو روکا جائے۔ یاد رہے کہ جی بی اسمبلی نے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے بل کی منظوری دی تھی تاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ بل میں خاموشی سے ڈیپوٹیشن پر آنے والے ملازمین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔  
خبر کا کوڈ : 876150
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش