0
Friday 24 Jul 2020 19:23

پنجاب حکومت کا تدریس کیلئے ’’ٹیچنگ لائسنس‘‘ متعارف کروانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا تدریس کیلئے ’’ٹیچنگ لائسنس‘‘ متعارف کروانے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ ٹیچر لائسنسنگ ایکٹ جلد پنجاب اسمبلی میں ہیش کر دیا جائے گا جبکہ آئندہ ایک ماہ میں صوبے کے تمام سکولوں میں اساتذہ کی تعداد کو مکمل کرلیں گے۔ پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن بھی آن لائن کی جائے گی۔ وزیر تعلیم کی تقریر کے دوران اپوزیشن کے ارکان احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی اور شور شرابہ کرتے رہے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 50 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چئیرمن میاں شفیع کی زیر صدارت شروع ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران ن لیگ کی راحیلہ نعیم اور وزیر جنگلات سردار سبطین خاں کے دوران 12 موسموں اور نیب کے حوالے سے دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔ راحیلہ نعیم نے کہا کہ وزیر صاحب نے دو موسموں کا تو زکر کیا ہے مگر باقی دس کا ذکر نہیں کیا یہ میں نہیں کہہ رہی وزیراعظم کہتے ہیں کہ پاکستان میں 12 موسم ہیں۔ جواب میں وزیر جنگلات نے کہا کہ آپ مجھے 10 موسموں کے نام بتا دیں۔

ایوان میں تعلیم پر عام بحث کا آغاز وزیر تعلیم مرد راس نے کیا اور ن لیگ کو آڑے ہاتھوں لیتے یوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ 10 سال ن لیگ صوبے پر حکومت کرتی رہی ہے اب حال یہ ہے کہ کہتے ہیں کہ ہمارے علاقوں میں سکول نہیں، ان کو تو چاہیے کہ یہ چپ ہو کر بیٹھ جائیں۔ ہماری حکومت ٹیچر لائسننگ ایکٹ لا رہی ہے اسی طرح پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا بھی ایکٹ لا رہے ہیں۔ جس پر اپوزیشن نے ایوان میں شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی اور شور شرابہ کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ مسلم لیگ ن کے رانا مشہود نے وزیر تعلیم کے اعداد وشمار جو چیلنچ کرتے ہوئے کہا کہ جن چیزوں کا کریڈٹ وزیر موصوف لے رہے ہیں وہ شہباز شریف نے شروع کیے۔

پنجاب اسمبلی کا ایوان اس وقت قہقوں سے گونج اٹھا جب پینل آف چیئرمین نے رانا مشہود کو تقریر مختصر کرنے کا کہتے ہوئے کہا کہ جمعہ کا خطبہ شروع ہونیوالا ہے۔ جس ہر رانا مشہود نے کہا کہ وزیر موصوف کا تو حرام خطبہ سن لیا اب میرا حلال خطبہ بھی سن لیں۔ وقت مکمل ہونے پر پینل آف چیئرمن میاں شفیع نے اجلاس پیر کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 876291
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش