QR CodeQR Code

پاک چین سرحد 29 جولائی سے 10 اگست تک کھولنے کا فیصلہ

24 Jul 2020 23:47

وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے ایک مراسلے کے مطابق چینی سفارتخانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس دورانیے میں صرف چین میں پھنسے ہوئے کنٹینرز کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ دیگر ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاک چین سرحد 29 جولائی سے 10 اگست تک کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے ایک مراسلے کے مطابق چینی سفارتخانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس دورانیے میں صرف چین میں پھنسے ہوئے کنٹینرز کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ دیگر ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی۔ اس مقصد کیلئے پاکستان کی جانب سے بارڈر کے ساتھ مارکیٹ نمبر 7 میں جگہ مختص ہوگی جہاں پر پیر، بدھ اور جمعرات کے روز چینی کنٹینرز داخل ہوں گے جبکہ منگل، جمعرات اور ہفتہ کے روز پاکستان کنٹینرز میں سامان لوڈ ہوگا. مراسلے میں کہا گیا کہ اس دوران سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھنا ہوگا اور کوئی مجمع اکھٹا نہیں ہوگا. چینی سفارتخانے کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ چین میں پھنسے ہوئے کنٹینرز کی تعداد 50 سے زائد نہیں، روزانہ 10 سے 12 کنٹینرز کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سوست میں پاکستانی سرحد پر سیاحوں کی آمدورفت جاری ہے اور روزانہ 20 سے 30 سیاح یہاں آ رہے ہیں اس لیے بارڈر کھولنے کے دوران سیاحوں کی آمد پر پابندی لگانے کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز گلگت بلتستان کے تاجروں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ اگست میں سرحد نہ کھولنے کی صورت میں سی پیک روٹ پر دھرنا دیا جائے گا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ ملک کے دیگر بارڈرز پر تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں، تفتان، چمن اور طورخم بارڈر پر تجارت ہو رہی ہے اور وہاں کوئی پابندی نہیں صرف پاک چین سرحد خنجراب کو ہی بند رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان کے تاجروں سمیت سینکڑوں لوگوں کا روزگار ختم ہو چکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 876333

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/876333/پاک-چین-سرحد-29-جولائی-سے-10-اگست-تک-کھولنے-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org