1
Saturday 25 Jul 2020 02:32

حزب اللہ سمندر میں موجود ہمارے گیس کے کنووں کو نشانہ بنانیکی صلاحیت رکھتی ہے، صیہونی کمانڈر

حزب اللہ سمندر میں موجود ہمارے گیس کے کنووں کو نشانہ بنانیکی صلاحیت رکھتی ہے، صیہونی کمانڈر
اسلام ٹائمز۔ صیہونی اخبار "اسرائیل ہیوم" نے اسرائیلی شہر حیفا کے نیول بیس کمانڈر "گیل ایگنیسی" سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لبنانی مزاحمتی فورس حزب اللہ "نشانے کے ٹھیک اوپر مار کرنے والے" اپنے میزائلوں کے ذریعے سمندر میں موجود گیس کے اسرائیلی کنووں کو بآسانی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ حیفا میں اسرائیلی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ حزب اللہ اس وقت اپنی فوجی صلاحیتوں میں مزید اضافہ بھی کر رہی ہے تاکہ آئندہ کی کسی بھی لڑائی میں وہ سمندر کے اندر موجود گیس کے اسرائیلی کنووں کو مزید آسانی کے ساتھ نشانہ بنا سکے۔

اسرائیلی شہر حیفا میں بحریہ کے کمانڈر گیل ایگنیسی نے یہ دعوی کرتے ہوئے کہ اسرائیلی بحریہ لاحق تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے، کہا کہ اسرائیلی بحریہ سمندر کی سطح کے اوپر اور نیچے، دونوں حوالوں سے شدید خطرات میں گھری ہوئی ہے۔ اس صیہونی کمانڈر نے کہا کہ لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ اس مرتبہ سمندری رستے سے اسرائیلی فورسز پر حملہ آور ہو گی۔ گیل ایگنیسی کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا پہلا مفروضہ ہے کیونکہ وہ (حزب اللہ) اس کوشش میں ہے کہ سمندر کے اندر ہماری موجودگی کو ختم کر دے اور اگر وہ کر سکتی ہو تو حتمی طور پر یہ کام کر گزرے گی۔

اسرائیلی نیول کمانڈر نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جب سے حزب اللہ نے 33 روزہ جنگ کے دوران ہمارے جنگی بحری بیڑے کو نشانہ بنایا ہے، اسرائیل نے عبرت حاصل کر لی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسرائیلی جنگی کشتیاں اب لبنانی ساحل سے کم از کم 16 کلومیٹر کے فاصلے پر رہتی ہیں۔ صیہونی کمانڈر نے کہا کہ تب حزب اللہ لبنان نے 33 روزہ جنگ کے دوران ہمارے جنگی بحری بیڑے کو نشانہ بنا کر 4 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ سوموار کے روز حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا تھا کہ شامی دارالحکومت دمشق کے گردونواح میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں "علی کامل محسن" نامی حزب اللہ کا ایک اہلکار شہید ہو گیا تھا۔ قبل ازیں بھی دمشق کے نواحی علاقے میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے 2 مجاہد شہید ہو گئے تھے جس پر حزب اللہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیلی حملوں کا بھرہور جواب دے گی۔ بعد ازاں حزب اللہ لبنان کی جانب سے مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) کے اندر متعدد صیہونی فوجی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے حزب اللہ کی جوابی کارروائی کے خوف کے زیراثر مقبوضہ فلسطین کے شمال میں ہونے والی اسرائیلی فوجی مشقوں کو بھی ملتوی کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 876356
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش