QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر ہر فورم پر اٹھائیں گے، شبلی فراز

25 Jul 2020 10:55

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر کی خاتون رہنما آسیہ اندرابی کی طویل حراست انتہائی تشویشناک ہے، ہم ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کشمیری جدوجہد آزادی کی خاتون رہنما آسیہ اندرابی کی طویل حراست انتہائی تشویشناک ہے۔ سیاسی نظریات کی بنا پر ضعیف اور علیل مسلمان خاتون کی قید بھارتی ریاستی سامراجی ذہنیت کی عکاس ہے، ہم ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’کشمیر محاصرے میں ہے‘‘ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیریوں کا حق خودارادیت دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام نے کہا بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد دنیا میں نئی دہلی کے حوالے سے نکتہ نظر میں بنیادی تبدیلی آئی ہے، 5 اگست کا بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ۔ سید فخر امام نے کہا وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں متاثر کن تقریر میں دنیا کیلئے جن بڑے خطرات کی نشاندہی کی ان میں ایک تنازع کشمیر بھی ہے۔ چین علاقے میں اپنا اثرورسوخ بڑھا رہا ہے جس کا نقصان بھارت کو ہو گا۔

آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے حقوق سے متعلق آواز اٹھانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا مودی حکومت ہندوتوا اور نازی ازم پالیسی پر عمل پیرا ہے، بھارت نے اگر آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں گھسنے کی کوشش کی تو اسے ناقابل فراموش سبق سکھائیں گے۔ معاون خصوصی قومی سلامتی معید یوسف نے کہا تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو نازی، ہٹلر اور مودی سرکار کی یکساں پالیسی ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آنکھ بند کیے ہوئے ہے۔


خبر کا کوڈ: 876392

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/876392/مسئلہ-کشمیر-ہر-فورم-پر-اٹھائیں-گے-شبلی-فراز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org