0
Saturday 25 Jul 2020 19:49

لاہور، اشرف جلالی کے بھائی عابد جلالی کی نماز جنازہ ادا

لاہور، اشرف جلالی کے بھائی عابد جلالی کی نماز جنازہ ادا
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یارسول اللہ (ص) کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کے بھائی مفتی محمد عابد جلالی کی نمازِ جنازہ مرکز اہلسنت و جماعت صراط مستقیم تاج باغ لاہور کے قریب گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ کی امامت شیخ الحدیث مفتی محمد ارشاد احمد حقانی جلالی نے کی، جبکہ نمازِ جنازہ میں مرحوم کے والد صوفی غلام سرور گوندل جلالی، بڑے بھائی ماسٹر محمد احسن گوندل، مولانا محمد اکرم جلالی، مولانا رضا المصطفیٰ رازی، مفتی محمد حذیفہ جلالی، مولانا محمد اُسامہ جلالی، مولانا محمد طلحہ جلالی، مرحوم کے صاحبزادے حافظ محمد کعب الاسلام جلالی، محمد وہب الاسلام جلالی، محمد ذوالقرنین گوندل، غازی احمد شیر خان نیازی، قاری زوار بہادر (جمیعت علماء پاکستان)، مجاہد عبدالرسول قادری (سنی تحریک)، پیر مفتی میاں تنویر احمد کوٹلوی آستانہ عالیہ کوٹلہ شریف، شاداب رضا قادری پاکستان سنی تحریک، پیر محمد عبدالرشید اویسی، محمد داؤد رضوی، پیر امین اللہ نبیل سیالوی، شیخ الحدیث حامد رضا مصطفائی المدنی (فیضان مدینہ)، صاحبزادہ محمد آصف علی سیفی، صاحبزادہ مرتضی علی ہاشمی، مفتی وقار احمد مدنی و دیگر علماء مشائخ و  شہریوں نے شرکت کی۔

اجتماع نمازِ جنازہ ”اللہ اکبر اللہ اکبر اللہ اکبر، لبیک لبیک لبیک یارسول اللہ (ص)، سیدی مرشدی یانبیﷺ یانبی ﷺ، ہم عظمت رسول ﷺ کے پاسباں ہیں پاسباں، ہم چادرِ بتول رضی اللہ عنہا کے پاسباں ہیں پاسباں، بے خطاء بے گناہ سیدہ زہراء طیبہ طاہرہ سلام اللہ علیہا“ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اُٹھا۔ نمازِ جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ مرتضی علی ہاشمی نے کہا کہ مفتی محمد عابد جلالی باطل کے سامنے حق کی چٹان تھے، آپ نے سیاہ اور زرد نظریات کے مقابلہ میں ہمیشہ سچے نظریات کا پرچم بلند کیا۔ علامہ عابد جلالی نے ختم نبوتﷺ اور ناموسِ رسالت ﷺکے تحفظ کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے۔ آپ نے تحریک صراط مستقیم کے ایمانی منشور کو پھیلانے کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ آپ نے تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) کی اعتقادی اور نظریاتی شناخت کے تحفظ کے لیے ہمارا ساتھ دیا۔ آپ تحریک صراط مستقیم کے بانی ارکان میں سے تھے۔اور تحریک فکر رضا کے بانی تھے آخری سانس تک انہوں نے تحریک کے پرچم کو اصلاحِ عقائد، اصلاحِ اعمال، اصلاحِ معاملات اور اصلاحِ نظام کے لیے بلند رکھا۔

انہوں نے کہا کہ مفتی عابد نے پاکستان میں نظام مصطفی (ص) کی حکمرانی اور ناموس مصطفی (ص) کی پاسبانی کیلئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) سے انحراف کرنے والوں کا انہوں نے مکمل طور پر بائیکاٹ کیا۔ قاری زوار بہادر نے کہاکہ مفتی عابد جلالی کی دینی خدمات کو طویل مدت تک یاد رکھا جائے گا، وہ اہلسنت کے ایک نڈر اور سچے رہنماء تھے۔ مولانا مجاہد عبدالرسول نے کہاکہ علامہ مفتی عابد جلالی ایک جدوجہد اور ایک تحریک کا نام تھا، آپ کے جانے سے پیدا ہونیوالا خلا مدتوں تک محسوس کیا جائے گا۔ مولانا محمد رضا المصطفیٰ رازی نے کہا کہ آپ حقانیت اسلام اور صداقت اہلسنت کے ایک مناظر کی حیثیت رکھتے تھے، آپ ایک نڈر مبلغ اور مجاہد مُصلح تھے۔ آپ نے مرکز اہلسنت جیا بگا کے پلیٹ فارم سے علماء کو قرآن و سنت کی تعلیمات سے بہرہ ور کیا۔ آپ فروغِ عشق رسول (ص)، غلبہ اہلسنت اور تائید احناف کیلئے کمر بستہ رہے، آپ نے نظام مصطفی (ص) کی حکمرانی اور ناموسِ مصطفی(ص) کی پاسبانی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 876509
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش