0
Saturday 25 Jul 2020 20:26

زرداری نے امریکا سے کہا ڈرون حملے کرتے جائیں ہم شور مچاتے رہیں گے، مراد سعید

زرداری نے امریکا سے کہا ڈرون حملے کرتے جائیں ہم شور مچاتے رہیں گے، مراد سعید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ درست طریقے سے احتساب ہوا تو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو اکسفورڈ یونیورسٹی کی فیس بھی واپس کرنا پڑے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں سلیکشن کی بات کی، جس کی سیاست کا آغاز پرچی سے ہو وہ جمہوریت کیا جانے، عمران خان 22 سال کی جدوجہد کے بعد منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کو مخصوص علاقے کی جماعت بنادیا ہے، بلاول بھٹو کو تاریخ کا علم نہیں، خواجہ آصف نے امریکا میں کہا ہم بڑے لبرل ہیں، زرداری نے امریکا سے کہا ڈرون حملے کرتے جائیں ہم شور مچاتے رہیں گے۔

مراد سعید نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر کا سفیر بننا تھا، بتایا جائے ماضی میں کشمیر سے متعلق بورڈ کس نے ہٹایا تھا؟، عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا سفیر بن کر خطاب کیا، ہمارے دور میں سیکیورٹی کونسل میں 2 بار کشمیر پر بحث ہوئی، عمران خان نے جس طرح کشمیر کا مقدمہ لڑا قوم کو فخر ہے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ بلاول نے الزام لگایا کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں رہتے ہیں، عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہتے نہ کوئی کیمپ آفس ہے، عمران خان نے اپنی رہائشگاہ کی جانب جانیوالی سڑک پرخود پیسہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا نام لیتے ہوئے کون شرماتا تھا؟، یہ لوگ کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت میں لے کرگئے، ریمنڈڈیوس کو ان کے دور حکومت میں چھوڑا گیا۔

مراد سعید نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی میں بلاول کے والد کا ذکر ہے۔ جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی پر این آر او نہیں ملے گا، بلاول جتنا مرضی شور مچالیں این آر او نہیں ملے گا۔، سندھ میں گندم غائب کرنے پر این آر او نہیں ملے گا، فرزند زرداری کرپشن سے متعلق بات کر رہے ہیں، انہوں نے تو حج و عمرے میں بھی کرپشن کی تھی، سندھ کی ترقی کا پیسہ جعلی اکاؤنٹس میں ڈالا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت میں 98 فیصد بے قاعدگیوں میں کمی ہوئی، سندھ میں آج بھی لوگ بھوک سے مررہے ہیں، سندھ میں ڈاکٹرز کو بھی وینٹی لیٹر نہیں ملتا، کتے کے کاٹنے کے 98 ہزار واقعات ہوئے، ویکسین نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5،5 کیمپ آفس رکھنے والوں نے سڑک پر سونے والوں کا نہیں سوچا، اقتدار سنبھالا تو پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، عمران خان نے دیوالیہ ہونے والی معیشت کو سنبھالا، حکومت نے غریبوں کو صحت انصاف کارڈز دیے۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ حکومت کے 2سال مکمل ہونے پر تمام کارکنوں اور رہنماوَں کو مبارک باد دیتا ہوں، 22سال کی جدوجہد کے بعد عوام نے مقبول ترین لیڈر کو وزیراعظم چنا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پرچی کو ثبوت بنا کر اپنی سیاست کا آغاز کیا، ہم سب نے مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کیا، جس کی سیاست کا آغاز پرچی سے ہوا وہ جمہوریت کیا جانے، صحیح معنوں میں اگر احتساب ہوا تو بلاول کو آکسفورڈ کی فیس بھی واپس کرنا ہوگی۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ تاریخ میں سب کچھ درج ہے کہ کون کس کو ڈیڈی کہا کرتا تھا، راجیو گاندھی جب پاکستان آرہے تھے تو کس نے کشمیر کا بورڈ ہٹایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اگر کوئی بہتری کے لیے کچھ کررہا ہے تو اپوزیشن اس پر سیاست کررہی ہے، آئی سی جے میں پاکستان کے خلاف بات کس نے کی تھی؟۔ مراد سعید نے کہا کہ  آصف زرداری نے 316کروڑ 41 لاکھ 18ہزار 287دورں پر خرچ کیے، 2016-17 میں گھر کی سیکیورٹی کے لیے 2ہزار 50 لوگ ان کی سیکیورٹی پر تھے، آصف زرداری نے بطور صدر دورہ نیویارک پر 13لاکھ ڈالر سے زائد خرچ کیے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے بطور وزیراعظم دورہ نیویارک پر 11لاکھ 15ہزار ڈالر خرچ کیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کا سی پیک کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے، وزیراعظم عمران خان نے معیشت کو آئی سی یو سے نکالا ہے، وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کی 60فیصد آبادی کو ہیلتھ کارڈ دیے، ہم اپنے 2 سال کی کارکردگی کا جواب دیں گے۔ مراد سعید نے کہا کہ ان دو سالوں میں کوئی منی لانڈرنگ کا کیس سامنے نہیں آیا، جنہو ں نے پاکستان کے پیسے کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا وہ سامنے آگئے، میڈیا آپ سے سوال پوچھے گا، آپ کو سندھ میں کارکردگی کا جواب دینا پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 876514
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش