0
Saturday 25 Jul 2020 20:43

جس عمران خان کو کشمیر کا سفیر بننا تھا اور جو بھارتی دہشتگرد کا وکیل بن گیا، بلاول بھٹو زرداری

جس عمران خان کو کشمیر کا سفیر بننا تھا اور جو بھارتی دہشتگرد کا وکیل بن گیا، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا نہ ہوتا تو25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کیلئے سڑکوں پر ہوتے، ہمیں یاد ہے کہ 25 جولائی کو کس طرح ملک میں سلیکشن کرائی گئی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکالا گیا، ہمیں سب پتہ تھا کہ فارم 45 کی کیا اہمیت ہے، جو فارم 45 موجود ہیں ان پر پولنگ ایجنٹس کے دستخط موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ 90 فیصد فارم 45 آج تک غائب ہیں، عمران خان کا اس معاملے میں اپنا بھی بڑا کردار ہے، اس سلیکٹڈ عمران خان کو جانا پڑے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان نے جمہوریت اور معیشت کا جو حال کیا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ عوام سے پوچھا جائے آج نئے پاکستان میں کتنی کرپشن ہورہی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق جتنی کرپشن نئے پاکستان میں ہوئی وہ پرانے میں نہیں ہوئی۔ پشاور بی آر ٹی کا منصوبہ آج تک متنازع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر مافیا کو این آر او دیا ہے۔ آٹا ،پیٹرول اور کلبھوشن کو این آر او دیا گیا۔ بلاول نے کہا کہ کیا آج مشیروں اور معاونین خصوصی پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کا کیس نہیں بنتا؟، اپوزیشن سے بات نہیں کرنی تو چلیں قانون پاس کرکے دکھائیں۔ کسی شخصیت کے لیے قانون سازی نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ دال میں کچھ کالا نہیں تو کلبھشن سے متعلق آرڈیننس کو ہم سے اور اپوزیشن سے کیوں چھپایا گیا۔ انہوں نے ایک شخصیت کے لیے مخصوس قانون بنانے کی کوشش کی، آرڈیننس ایوان میں نہ لا کر آئین کی خلاف ورزی کی گئی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن سے نہ مشورہ لیا اور نہ کوئی بات کی۔ حکومت کے پاس کلبھوشن معاملے پر کوئی جواز اور جواب موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آ پ نے 100دن میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانا تھا، ابھی تک فیصلہ نہیں کرسکتے کہ دفتر کہاں ہوگا؟ ماضی میں کبھی اتنے لوگ بے روزگار نہیں ہوئے جتنے اب ہوئے ہیں، معیشت کو جتنا نقصان اس حکومت نے دیا ماضی میں کبھی کسی نے نہیں دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو نے کہا کہ جس کو کشمیر کا سفیر بننا تھا اور جو بھارتی دہشتگرد کا وکیل بن گیا، آئین کے تحت اسمبلی سیشن کے دوران آرڈیننس نہیں لایا جاسکتا، آج ہر پاکستانی کی زندگی اور صحت خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فخر سے کہتا ہوں سندھ واحد صوبہ ہے جہاں لوکل گورنمنٹ ہے، وزیراعظم نے سائیکل پر دفتر جانا تھا لیکن آج تک ہیلی کاپٹر پر جاتے ہیں، یہ جمہوریت اور پارلیمان پر یقین ہی نہیں رکھتے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لیے وہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز سے بھی رابطہ ہوا ہے۔ بہت جلد اے پی سی بلائیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پچھلے الیکشن میں ہمارے ادارے جتنے متنازع ہوئے، اتنے پہلے کبھی متنازع نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی اداروں کے اہلکاروں کا انتخابی سینٹر کے اندر کھڑے ہونے کا کیا قانونی اور آئینی جواز بنتا ہے؟۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2007ء میں دہشت گردی عروج پر تھی، بے نظیر بھٹو پر قاتلانہ حملے کے بعد ہونے والے انتخابات میں پولنگ اسٹیشن کے اندر فوج نہیں تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ لیکن معلوم نہیں کیوں، ضیاالحق اور پرویز مشرف کے دور میں ایسا نہیں ہوا تو عمران خان کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا؟۔ ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ انتخابات متنازع ہوئے اور جنہیں کبھی بھی متنازع نہیں ہونا چاہیے وہ متنازع ہوگئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب آپ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر، فارم کی وصولی اور دیگر معاملات کے وقت موجود ہوں گے تو متنازع ہوں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات سے جتنا نقصان ہمارے نظام کو پہنچا، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم لیڈر نہیں بلکہ کٹھ پتلی ہے اور اس کی وجہ سے عوام سے لے کر ادارے سب نقصان سے دوچار ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کو لانے کا مقصد نئے پاکستان میں 90 روز کے اندر کرپشن سے ملک کو پاک کرنا تھا اور اب عوام سے پوچھیں کہ نئے پاکستان میں کرپشن کا گراف کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشل کے مطابق سلیکٹڈ دور میں جو کرپشن ہورہی ہے، پاکستان کی تاریخ میں اتنی کرپشن نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت رہی تو جمہوریت، معیشت اور معاشرے کو نقصان ہوگا، کسی کو این آر او نہ دینے کی بات کرنے والے عمران خان نے سب سے زیادہ ایمنسٹی دی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 876521
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش