0
Monday 27 Jul 2020 00:11
مقتول کی والدہ بیٹے کی جدائی کا غم برداشت نہ کرتے ہوئے وفات پاگئیں

پاراچنار، صدہ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونیوالے زینت علی کی میت کے ہمراہ عوام کا دھرنا

پاراچنار، صدہ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونیوالے زینت علی کی میت کے ہمراہ عوام کا دھرنا
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم میں صدہ پیر قیوم میں مشتعل ہجوم کی جانب سے قتل کئے گئے پاراچنار کے زینت علی کو سپرد خاک کردیا گیا، دل کا دورہ پڑنے سے مقتول کی والدہ بھی جاں بحق ہوگئیں، شہریوں نے میت سڑک پر رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا اور ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا۔ گذشتہ روز ضلع کرم میں ذاتی دشمنی کی بنا پر دو افراد کو قتل کردیا گیا تھا، صدہ بازار میں مشتعل ہجوم نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا اور پشاور، پاراچنار مین شاہراہ آمد و رفت کیلئے بند کردی جبکہ پیر قیوم کے علاقے میں مشتعل افراد نے ایک راہگیر فرنٹئر کور کے ریٹائرڈ صوبیدار زینت علی کو قتل کردیا، بیٹے کے قتل کی اطلاع پر والدہ بھی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی۔ پاراچنار میں ہزاروں افراد نے مقتول زینت علی کی میت سڑک پر رکھ کر بے گناہ لوگوں کو قتل اور قانون ہاتھ میں لینے کی مذمت کی اور ایک روزہ سوگ کا اعلان کرکے احتجاجاً بازاریں بند کردیئے۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے طوری بنگش قبائل کے رہنماؤں حاجی سردار حسین، حاجی عابد حسین، جلال حسین اور ملک ظہور جان نے کہا کہ ذاتی دشمنی کی بنا پر قتل کے واقعے کے بعد بعض عناصر کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے اور بے گناہ افراد کے قتل کے واقعات افسوس ناک ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے کیونکہ بے گناہ افراد کا قتل حالیہ امن معاہدے کی خلاف ورزی ہے، اگر مجرموں کو سزا نہ دی ملی تو اس قسم کے واقعات سے حالات ایک بار پھر خراب ہو سکتے ہیں۔ رہنماؤں نے ذاتی دشمنی کو مذہبی رنگ دینے کی شدید مذمت کی۔ احتجاجی مظاہرین سے اپنے خطاب میں ڈی پی او کرم محمد قریش خان نے کہا کہ ہم ظالم کا ہاتھ روکنے اور مظلوم کی مدد میں بھرپور کردار ادا کرینگے، ہر صورت قانون کی عمل داری قائم کریں گے اور جو ظلم ہوا ہے اب نیا نظام نافذ ہے، کوئی قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتا اور آج مجرموں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔ ڈی پی او کی جانب سے مجرموں کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی پر احتجاجی دھرنا ختم کردیا گیا۔ دوسری جانب اہل سنت نوجوان قیادت کے رہنما عبدالخالق پھٹان نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ غلط فہمی میں بے گناہ لوگوں کو قتل کرنا افسوسناک ہے، لوگوں کو جوش کی بجائے ہوش سے قدم اٹھانا چاہئے تاکہ علاقے کے امن کو نقصان نہ پہنچے کیونکہ بدامنی علاقے اور لوگوں کیلئے تباہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 876712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش