QR CodeQR Code

ترکش ائیرلائنز پی آئی اے سے کوڈ شیئرنگ کے نئے معاہدے پر رضامند

27 Jul 2020 09:40

قومی ائیرلائنز کے پائلٹس کے جعلی اور مشکوک لائسنس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ یورپ جانیوالے مسافروں کی سہولت کیلئے ترکش ائیرلائنز، قومی ائیر لائنز (پی آئی اے) سے نئے معاہدے پر رضامند ہوگئی ہے، جس کے تحت پی آئی اے کے مسافر استنبول سے ترکش ائیرلائنز میں برطانیہ اور یورپ کے دیگر ممالک کا سفر کرسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق ترکش ائیرلائنز پی آئی اے سے کوڈ شیئرنگ کے نئے معاہدے پر رضامند ہوگئی ہے۔ ترکش ائیرلائنز نے سربراہ پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کو خط لکھ کر کہا ہے کہ دونوں ائیرلائنز میں یک طرفہ کوڈ شیئرنگ معاہدے کو دوطرفہ کیا جائے گا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ترکش ائیر اور پی آئی اے برمنگھم، لندن، میلان، بارسلونا، کوپن ہیگن اور اوسلو کے لیے کوڈ شیئر کریں گی۔ معاہدے کے بعد پی آئی اے کے مسافر استنبول ائیر پورٹ سے ترکش ائیر لائنز کے یورپی روٹس کے ٹکٹ بک کراسکیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوڈ شیئرنگ کا معاہدہ پی آئی اے پروازوں پر برطانیہ، یورپ اور امریکا کی پابندیوں کے باعث کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ قومی ائیر لائنز کے پائلٹس کے جعلی اور مشکوک لائسنس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 876757

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/876757/ترکش-ائیرلائنز-پی-آئی-اے-سے-کوڈ-شیئرنگ-کے-نئے-معاہدے-پر-رضامند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org