0
Monday 27 Jul 2020 19:09

تلمبہ، علامہ سید جواد نقوی کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

تلمبہ، علامہ سید جواد نقوی کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے وفد کے ہمراہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل سے تلمبہ میاں چنوں میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے وطن عزیز پاکستان میں حالیہ فرقہ وارانہ لہر کی روک تھام اور بین المسالک ہم آہنگی کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا طارق جمیل نے علامہ سید جواد نقوی و جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کی وحدت امت کیلئے خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں ماہ ربیع الاول میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور میں منعقد ہونیوالی اتحاد امت کانفرنس کے بارے میں مختلف امور زیر بحث آئے۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ اتحاد امت کیلئے علماء کا کردار انتہائی اہم ہے، علماء ہی ذہن سازی کرتے ہیں اور اصلاح امت کیلئے علماء کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

انہوں نے مولانا طارق جمیل کی تبلیغی اور اصلاحی خدمات کی بھی تعریف کی۔ مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ علامہ سید جواد نقوی نے جو اتحاد امت کا بیڑا اٹھایا ہے، وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو فرقہ واریت کے عفریت نے بڑا نقصان پہنچایا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر کوئی اپنے اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرے، جیو اور جینے دو کا اصول ہی وطن عزیز میں قیام امن کیلئے سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام ہی ہمیں ایک دوسرے کے قریب کرسکتا ہے۔ علامہ جواد نقوی نے اس موقع پر مولانا طارق جمیل کو صحفیہ کاملہ کتاب کا تحفہ بھی دیا۔
خبر کا کوڈ : 876891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش