QR CodeQR Code

لبنان کیخلاف کسی بھی بیوقوفانہ اقدام پر اسرائیل کو سخت جواب ملے گا، جلال فیروزنیا

27 Jul 2020 20:17

عرب ای مجلے العہد کیمطابق بیروت میں تعینات ایرانی سفیر نے لبنانی رہنما شیخ علی الخطیب کیساتھ ملاقات میں 33 روزہ جنگ کی سالگرہ کے حوالے سے غاصب صیہونی رژیم کیخلاف لبنانی مزاحمتی محاذ کی فتح پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دشمن حتی سال 2006ء کی شکست بھی بھلا نہیں سکتا اور اگر اسنے اس مرتبہ کوئی نئی حماقت کی تو اسے انہتائی کاری ضرب کھانا پڑیگی۔


اسلام ٹائمز۔ لبنان میں تعینات ایرانی سفیر محمد جلال فیروزنیا نے لبنانی رہنما شیخ علی الخطیب کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران مشکل حالات میں لبنان کے لئے وسیع ایرانی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ عرب ای مجلے العہد کے مطابق ایرانی سفیر نے سال 2006ء میں غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے لبنان پر مسلط کی جانے والی 33 روزہ جنگ میں مزاحمتی محاذ کی عظیم فتح پر لبنانی قوم کو مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے لبنان کے خلاف ممکنہ اسرائیلی حملے پر مبنی ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرا نہیں خیال کہ غاصب صیہونی رژیم کے حالات، اُسے لبنان کے خلاف کسی بھی ممکنہ حماقت کی اجازت دیں۔

لبنان میں تعینات ایرانی سفیر نے کہا کہ دشمن حتی سال 2006ء کی جنگ میں اسے ملنے والی شکست بھلا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس مرتبہ وہ کسی نئی حماقت کا مرتکب ہوا تو اُسے انتہائی کاری ضرب کھانا پڑے گی۔ محمد جلال فیروزنیا نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی محاذ آج کسی بھی وقت سے بڑھ کر طاقتور ہو چکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پہلے سے کہیں زیادہ کامیابیاں آج اس کے قدم چوم رہی ہیں۔ واضح رہے کہ 12 جون 2006ء کے روز غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی جانب سے لبنان پر جنگ مسلط کر دی گئی تھی جو 14 اگست 2006ء تک جاری رہی۔ اس صیہونی جنگ میں حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی ٹینکوں کی وسیع تباہی اور شدید جوابی اقدامات کے باعث تل ابیب کو اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے مجبورا جنگ بندی کی قرارداد قبول کرنا پڑی تھی۔


خبر کا کوڈ: 876912

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/876912/لبنان-کیخلاف-کسی-بھی-بیوقوفانہ-اقدام-پر-اسرائیل-کو-سخت-جواب-ملے-گا-جلال-فیروزنیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org