1
Monday 27 Jul 2020 21:18
سال 2020ء کی پہلی ششماہی

جاری سال کے دوران اسرائیل کے ہاتھوں 27 فلسطینی شہری شہید، 1070 زخمی و 2330 گرفتار

جاری سال کے دوران اسرائیل کے ہاتھوں 27 فلسطینی شہری شہید، 1070 زخمی و 2330 گرفتار
اسلام ٹائمز۔ تحریک آزادی فلسطین (PLO) کے ساتھ منسلک "عبد اللہ الحورانی" نامی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے نشر ہونے والی ایک رپورٹ میں جاری سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران فلسطینی شہریوں کے خلاف غاصب صیہونی رژیم کے وسیع جرائم پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی وفا کے مطابق فلسطینی ادارے کے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاری سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے 27 فلسطینی شہریوں کو گولی مار کر شہید کیا گیا ہے جن میں 7 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بیگناہ فلسطینی شہریوں کے خلاف غاصب صیہونی فوجیوں کے حملوں میں 1 ہزار 70 فلسطینی شہری زخمی ہوئے ہیں جبکہ دوسرے 2 ہزار 330 فلسطینی شہریوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے فلسطینی گھروں اور بازاروں کے منہدم کئے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جاری سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران 357 فلسطینی گھروں اور کاروباری مراکز کو مسمار کر دیا گیا ہے جبکہ فلسطینی صوبوں الخلیل اور مقبوضہ قدس میں اسرائیل کی جانب سب سے زیادہ تخریبی کارروائیاں انجام دی گئی ہیں۔ جاری سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران انجام پانے والے صیہونی جرائم پر مشتمل اس رپورٹ میں غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے فلسطینی مغربی کنارے اور مقبوضہ قدس شریف کے اندر ہزاروں نئے غیرقانونی یہودی گھروں کی تعمیر پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔

علاوہ ازیں اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران 9 ہزار 491 یہودی آباد کار، صیہونی پولیس اہلکار اور صیہونی پارلیمان (کینیسٹ) کے اراکین غیر قانونی طور پر مسجد اقصی کے اندر داخل ہوئے ہیں جبکہ دوسری طرف دسیوں فلسطینی شخصیات کے مسجد اقصی میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے کچھ عرصہ قبل ہی فلسطینی جنوبی کنارے کے شمالی و جنوبی حصوں کو آپس میں ملانے والے علاقے "ای1" (E1) کے اندر بھی 3,500 نئے یہودی گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 876917
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش