0
Monday 27 Jul 2020 22:43

اگست سے دسمبر تک خنجراب بارڈر کے ذریعے تجارت بحال کرنے کی کوشش کرینگے، زلفی بخاری

اگست سے دسمبر تک خنجراب بارڈر کے ذریعے تجارت بحال کرنے کی کوشش کرینگے، زلفی بخاری
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اگست سے دسمبر تک پاک چین سرحد کھولنے اور تجارت بحال کرانے کی کوشش کرینگے، اس حوالے سے جلد وزیر اعظم سے ملاقات کرکے اس کیس کو اٹھاﺅں گا اور انہیں بارڈر کھلوانے پر قائل کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز گلگت بلتستان امپورٹرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اسماعیل اور سابق رکن اسمبلی جاوید حسین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد اسماعیل اور جاوید حسین نے پیر کے روز زلفی بخاری سے ملاقات کی اور انہیں پاک چین سرحد بند ہونے اور تجارت نہ ہونے سے پیدا مشکلات اور تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ ملک کے دیگر بارڈرز جو کرونا کی وجہ سے بند ہو چکے تھے اب وہ تمام کھل چکے ہیں اور تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ صرف سوست خنجراب بارڈر کو پانچ مہینوں سے بند رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان کے تاجر دیوالیہ ہو گئے ہیں اور پاک چین تجارت سے وابستہ سینکڑوں خاندانوں کا روزگار چھن چکا ہے۔ وفد نے تجویز دی کہ پاک چین سرحد کو اگست سے دسمبر تک کھولا جائے ، جس ایس او پیز کے تحت دس روز کیلئے بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اسی ایس او پیز کے تحت دسمبر تک کھولا جائے۔

وفد کی بریفنگ پر زلفی بخاری نے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود اور مشیر تجارت عبد الرزاق داﺅد سے رابطہ کیا اور بتایا کہ اتنے لمبے عرصے تک بارڈر بند ہونا باعث تشویش ہے، بارڈر کو خصوصی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا بندوبست کرنے کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں مشیر برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے جی بی کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس کیس کو کل ہی وزیر اعظم کے سامنے اٹھاﺅں گا اور پاک چین تجارت بحال کرانے کی کوشش کروں گا، بھرپور کوشش ہوگی کہ اگست سے دسمبر تک سوست خنجراب سرحد کو کھولا جائے۔ انہو ں نے کہا کہ سی پیک روٹ بند ہونا باعث تشویش ہے، عید کے فوری بعد گلگت بلتستان میں سیاحت کو بھی مکمل طور پر کھولا جائے گا۔ زلفی بخاری کی یقین دہانی پر وفد نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کا دروازہ لمبے عرصے تک بند ہونے سے اچھا تاثر نہیں جا رہا، ساتھ ہی مقامی تاجروں کو سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔ پاک چین تجارت بحال ہونے سے تاجروں اور مقامی لوگوں کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ حکومت کو اچھی ریونیو حاصل ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 876925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش