0
Tuesday 28 Jul 2020 00:36

منظم دھاندلی کے ذریعے عوام پر نااہل، سلیکٹڈ اور کرپٹ لیڈر کو مسلط کیا گیا، مشتاق خان

منظم دھاندلی کے ذریعے عوام پر نااہل، سلیکٹڈ اور کرپٹ لیڈر کو مسلط کیا گیا، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018 کو ایک منظم دھاندلی کے ذریعے پاکستان کے عوام پر نااہل، سلیکٹڈ اور کرپٹ لیڈر کو مسلط کرکے اس ملک کو آٹا، چینی ادویات، پیٹرول، ڈیزل مافیاز اور امریکی و سامراجی قوتوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والوں کے حوالے کر دیا گیا ہے اور ان نااہلوں کی وجہ سے ملک میں تعلیم، صحت سمیت ہر شعبے کا بیڑا غرق کردیا۔ ہر ادارے میں کرپشن، لوٹ مار، اقربا پروری عروج پر ہے۔ مہنگائی بیروزگاری نے قوم کا جینا محال کر دیا۔ اگر شفاف اور غیر جانبدار احتساب ہوا تو عمران خان سمیت ان کی پوری کابینہ جیلوں میں ہو گی کیونکہ بی آر ٹی، ملم جبہ اور نوشہرہ کے میگا ترقیاتی پراجیکٹس میں بھاری کرپشن و کمیشن، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس اور ٹی ایم اے نوشہرہ میں غیر قانونی بھرتیاں ان کی کرپشن کی چیدہ چیدہ مثالیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ شوبرا چوک میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت، اقربا پروری، پولیس گردی، کسٹم کے جی ٹی روڈ پر غیر قانونی ناکوں کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خظاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی یوتھ کے صوبائی صدر صدیق الرحمان پراچہ،امیر جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ رافت اللہ خان، مولانا سمیع الرحمان یوسفی، نائب امیر ضلع حاجی عنایت الرحمان سمیت دیگر مقامی و صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔ مشتاق خان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ کے دعویداروں نے ثانوی اور اعلیٰ تعلیم کا ستیاناس کر ڈالا کیونکہ خیبر پختونخوا کی سب سے بڑی پشاور یونیورسٹی تاریخ میں پہلی بار مالی بحران کی شکار ہے۔ مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ پرویز خٹک بی آر ٹی، مالم جبہ سمیت نوشہرہ کے میگا ترقیاتی پراجیکٹس جس میں سڑکیں شامل ہیں، کا بھاری کمیشن ہضم کر گئے۔ حکمران نیب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کر کے اپنے سیاسی مخالفین کو ہراساں کر رہے ہیں، نیب ایک متنازعہ ادارہ بن گیا ہے کیونکہ جس دن نیب نے حقیقی معنوں میں احتساب کیا تو وزیر اعظم عمران خان سمیت ان کی پوری کابینہ جیلوں میں ہو گی۔ نوشہرہ کے قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کی بھرتیوں میں بے قاعدگیاں، ٹی ایم اے نوشہرہ میں اپنے چہیتے 144 افراد کو غیرقانونی بھرتی کرنا میرٹ کی دھجیاں اڑانا نہیں تو اور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کسٹم اہلکار جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کر رہے ہیں اور جی ٹی روڈ پر غیر قانونی ناکے لگا کر ملک میں معاشی دہشت دگری میں مصروف ہیں۔ اس وطن کی مٹی ہم سے تقاضہ کر رہی ہے کہ ہم موجودہ حکومت میں موجود ان چوروں، ڈاکوؤں، لٹیروں، چینی، آٹا، ادویات، پیٹرول، ڈیزل مافیاز اور استحصالی نظام کے کارندوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے حکومت کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مافیاز اور سامراجی ایجنٹوں کو لگام دے کیونکہ اب ہم پرامن ہیں لیکن ان مافیاز کو لگام نہ ڈالی گئی تو عید قرباں کے بعد دما دم مست قلندر ہوگا۔ دریں اثناء دھرنے کے بعد ایک زبردست احتجاجی جلوس نکالا گیا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کی۔ احتجاجی جلوس شوبرا چوک سے شروع ہوا اور نوشہرہ کینٹ کے مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے جی ٹی روڈ شوبرا چوک پر اختتام پذیر ہوا۔
خبر کا کوڈ : 876962
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش