QR CodeQR Code

مرکزی جمعیت اہلحدیث کے وفد کی پرویزالہیٰ سے ملاقات، تحفظ بنیاد اسلام بل پر خراج تحسین

28 Jul 2020 18:50

لاہور میں ہونیوالی ملاقات میں ابتسام الہیٰ ظہیر کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں تحفظ اسلام کا بل پاس کروا کر تاریخی کام کیا گیا ہے، جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا اور چودھری پرویزالہیٰ کے اس کارنامے کو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ کے حوالے سے سپیکر چودھری پرویز الہیٰ کا دوہرا معیار، مرکزی جمیعت اہلحدیث کے رہنماوں کو بل میں خاطر خواہ تبدیلیاں نہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ انتہائی باوثوق ذرائع نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ آج گلبرگ لاہور میں ظہور الٰہی روڈ پر واقع چودھری برادران کی رہائشگاہ پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے چیف آرگنائزر ابتسام الٰہی ظہیر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں معتصم الٰہی ظہیر، ڈاکٹر عبدالغفور، محمد علی یزدانی، بابر فاروق رحیمی، فیصل افضل شیخ اور محمد عمران شامل تھے۔ جمعیت اہلحدیث کے وفد نے تحفظ بنیادِ اسلام بل کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی کو مبارکباد پیش کی۔

ابتسام الہیٰ ظہیر کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں تحفظ اسلام کا بل پاس کروا کر تاریخی کام کیا گیا ہے، جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا اور چودھری پرویزالہیٰ کے اس کارنامے کو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ بل کا مقصد تمام مسالک میں محبت، بھائی چارہ اور احترام کا جذبہ پیدا کرنا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار قانونی طور پر حضرت سیدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام مبارک کیساتھ خاتم النبیین لکھا جائے گا اور تمام مقدس ہستیوں کے ناموس کی حفاظت ہوسکے گی۔


خبر کا کوڈ: 877065

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/877065/مرکزی-جمعیت-اہلحدیث-کے-وفد-کی-پرویزالہی-سے-ملاقات-تحفظ-بنیاد-اسلام-بل-پر-خراج-تحسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org