0
Tuesday 28 Jul 2020 12:54

لاہور پولیس نے عیدالاضحیٰ کیلئے سکیورٹی پلان تیار کرلیا

لاہور پولیس نے عیدالاضحیٰ کیلئے سکیورٹی پلان تیار کرلیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور پولیس آپریشنز ونگ کی طرف سے عیدالاضحی کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں، عید اجتماعات اور قبرستانوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے۔ عیدالاضحی کے موقع پر شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے بتایا کہ شہر کی 5 ہزار سے زائد مساجد و دیگر اہم مقامات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے لاہور پولیس کے 8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان مختلف مقامات پر تعینات ہونگے۔ کورونا کے پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر نماز عید کیلئے آنیوالے شہریوں کو ماسک، صفوں کے درمیان مناسب فاصلے اور دیگر حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی جاتی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا کہ عید کے اجتماعات میں نمازی حضرات مناسب فاصلے، ماسک، سینٹائزر سمیت کورونا وباء سے بچاو کی حفاظتی تدابیر اپنائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے بتایا کہ سکیورٹی پلان کے مطابق 06 ایس پیز، 34 ڈی ایس پیز، 84 انسپکٹرز،  3سو سے زائد اپر سب آرڈینیٹس عید الاضحی پر ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔ 12مویشی منڈیوں پر لاہور پولیس کے 1 ہزار سے زائد افسران و جوان فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ حساس مقامات کے گردو نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، سنیپ چیکنگ، جیو فینسنگ، بائیو میٹرک تصدیق سمیت تمام حفاظتی اقدامات باقاعدگی سے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر نمازیوں کو تین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی سکیورٹی فراہم کی جائیگی چیکنگ کیلئے میٹل ڈیٹکٹرز اور واک تھرو گیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے جبکہ مشکوک افراد پر نظر رکھنے کیلئے چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات ہونگے۔

ڈی آئی جی کے مطابق مساجد پر پولیس افسران، اہلکار اور رضا کار چیکنگ کے فرائض سر انجام دیں گے۔ نمازیوں کو مکمل تلاشی کے بعد ہی مساجد اور عبادت گاہوں میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تمام گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور اشخاص کی چیکنگ کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث ریکارڈ یافتہ افراد کی روک تھام کیلئے ضمانتی مچلکوں سمیت انسدادی اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کیلئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ میں ملوث پائے جانیوالے افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 877069
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش