QR CodeQR Code

کراچی کے تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا، سندھ حکومت کا دعویٰ

28 Jul 2020 14:14

صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، صوبائی وزراء نے اورنگی ٹاؤن نالے کے اوور فلو ہونے کی خبروں پر فوری نوٹس لیتے ہوئے وہاں تمام مشینری پہنچانے کی ہدایات دیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا دعویٰ ہے کہ شہر کے تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، تمام چوکنگ پوائنٹس کھول دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، صوبائی وزراء نے اورنگی ٹاؤن نالے کے اوور فلو ہونے کی خبروں پر فوری نوٹس لیتے ہوئے وہاں تمام مشینری پہنچانے کی ہدایات دیں۔ صوبائی وزراء کے ہمراہ سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی مسعود عالم، ڈی سی ویسٹ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران بھی موجود ہیں۔ وزراء نے اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں سمیت پاک کالونی اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے اطراف کے علاقوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں بارشوں کے بعد جمع شدہ پانی کی نکاسی کے کام کا جائزہ لیا۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ شہر کے زیادہ تر علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل شروع کردیا گیا ہے، جہاں پر پانی جمع ہے وہاں مشینری اور تمام عملہ کو متعین کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بارشوں کے بعد تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا تھا۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ بارشوں کے بعد اورنگی نالا اوور فلو ہوا ہے، جس پر وہاں تمام مشینری پہنچا دی گئی ہے، کچھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے وہاں کام جاری ہے، البتہ شہر بھر کے زیادہ تر علاقوں میں صورتحال بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی کا کام شروع کیا گیا ہے اور یہ اگست کے آخر تک مکمل ہوں گے، البتہ تمام چوکنگ پوائنٹس کھول دیئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 877090

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/877090/کراچی-کے-تمام-علاقوں-سے-پانی-کی-نکاسی-کا-کام-مکمل-کرلیا-گیا-سندھ-حکومت-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org