0
Wednesday 27 Jul 2011 19:31

عالمی سامراج امریکہ کا زوال قریب ہے، جلد ’’مصطفائی ورلڈ آرڈر‘‘ دنیا پر غالب آئیگا، حاجی فضل کریم

عالمی سامراج امریکہ کا زوال قریب ہے، جلد ’’مصطفائی ورلڈ آرڈر‘‘ دنیا پر غالب آئیگا، حاجی فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ جعلی ڈگری والوں کو سیاست سے بے دخل کرنے کے لیے اصلی ڈگری والے باصلاحیت نوجوان میدان میں آئیں اور خاندانی پارٹیوں کی موروثی سیاست کو پاش پاش کر دیں۔ موجودہ سیاسی نظام میں صرف مراعات یافتہ طبقات کے امیر لوگ ہی اسمبلیوں میں پہنچ سکتے ہیں۔ موروثی سیاست تمام پارٹیوں پر غالب ہے۔ شفاف الیکشن کے لیے کرپٹ سیاستدانوں کو بے رحم احتساب کے ذریعے سیاسی عمل سے باہر نکالنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیاں انرجی بحران کا موجب ہیں۔ انرجی بحران حل نہ ہوا تو ملکی معیشت خطرناک خطرات سے دوچار ہو جائے گی۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ عالمی سامراج امریکہ کا زوال قریب ہے۔ بہت جلد ’’مصطفائی ورلڈ آرڈر‘‘ دنیا پر غالب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ناروے کے حالیہ واقعہ سے یہ بات کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ انتہا پسندی عیسائیوں اور ہندوؤں میں بھی موجود ہے۔ بھارت میں بابری مسجد کی شہادت اور سمجھوتہ ایکسپریس جیسے واقعات ہندو انتہاپسندی اور ناروے کا حالیہ واقعہ عیسائی انتہاپسندی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو مسلمانوں پر انتہاپسندی کا الزام لگانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی ختم نہ ہونے کی وجہ ریاستی اداروں میں دہشت گردوں کے حامیوں کا موجود ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوکیدار چور بن چکے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ محب وطن طبقات سیاست کے فرعونوں کے تخت گرانے اور تاج اچھالنے کے لیے میدان میں نکل آئیں۔ اجلاس میں پیر سید محمد محفوظ مشہدی، پیر سید محمد اقبال شاہ، طارق محمود، سردار محمد خان لغاری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ نسیم الحسن نقوی، صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی اور دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ تمام سیاستدان اپنے اثاثے پاکستان منتقل کریں، گرفتار دہشت گردوں کا اوپن ٹرائل کیا جائے، مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور بیروزگاری کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، عدالت کے فیصلوں پر عمل یقینی بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 87712
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش