0
Wednesday 27 Jul 2011 20:08

رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر

رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر
لاہور:اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ میں جوڈیشل ایکٹیوزم پینل (جے اے پی) انسانی حقوق اور مفاد عامہ کی تنظیم کی طرف سے محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے ماہ رمضان میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری سے بچنے اور قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کیلئے آئینی درخواست دائر کر دی۔ اس آئینی درخواست میں وفاقی اور صوبائی حکومت پنجاب،وفاقی و صوبائی وزارت داخلہ، وزارت صنعت و خوراک، نیب، ایف آئی اے، کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان، صوبہ پنجاب کے تمام کمشنر اور ڈی سی اوز اور کنٹرولر جنرل آف پرائز کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوریہ ہے اور قرآن نے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی سے ناصرف سختی سے منع کیا ہے بلکہ پابندیاں بھی لگائی ہیں۔ آئین پاکستان نے بنیادی حقوق کا تحفظ فراہم کیا ہے اور اس بابت ضروریات زندگی کی مناسب قیمتوں پر فراہمی بنیادی حقوق کے زمرے میں آتی ہے۔
وفاقی و صوبائی حکومتیں جہاں شرح اسلام کی خلاف ورزی کر رہی ہیں، وہاں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی عام ہے۔ یوں آئین کے آرٹیکل227 ، 2-A کی خلاف ورزی ہو رہی ہے اور ضروری اجناس کا قانون 1997ء، فوڈز سٹف کنٹرول 1958ء، پنجاب ضروری اشیاء کنٹرول ایکٹ 1973ء، امتناع ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی ایکٹ 1977ء وغیرہ پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
اس نااہلی اور بنیادی حقوق کا تحفظ فراہم نہ کرنے پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کو معطل کر دیا جائے۔ ان تمام قوانین کا اطلاق کرنے کیلئے پنجاب میں مجسٹریٹ کا پرانا نظام بحال کر دیا جائے اور رمضان سے قبل پورے پنجاب میں ہر علاقے میں مجسٹریٹ تعینات کئے جائیں اور ان کے ساتھ سول سوسائٹی، وکلاء، صحافیوں اور دانشوروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، جو بڑے بڑے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو بے نقاب کریں اور مجسٹریٹ سمری ٹرائل کر کے موقع پر سخت سے سخت سزائیں سنائیں۔
علاوہ ازیں مندرجہ بالا قوانین میں ترامیم کی ہدایات جاری کی جائیں تاکہ سخت سے سخت قانون سازی ہو سکے، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی کم از کم سزا 3 سال سے بڑھا کر 10 سال تجویز کی جائے اور جرمانے کی میعاد ایک لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپیہ کر دی جائے۔ جوڈیشل ایکٹیوزم پینل نے لاہور ہائیکورٹ سے گزارش کی ہے کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلٰی پنجاب کو نااہلی، بیڈ گورننس اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ نہ فراہم کرنے پر عدالت عالیہ میں طلب کر کے وضاحت لی جائے اور اس کے علاوہ ایک انکوائری بھی کروائی جائے جو ان وجوہات کا پتہ لگائے کہ ملک میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی ختم ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 87718
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش