QR CodeQR Code

خرم شیر زمان کا پی پی وزراء کو چوڑیاں پہننے اور ڈوپٹے اوڑھنے کا مشورہ

29 Jul 2020 01:40

انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب ہمیں دنیا میں بدنام نہ کرے، یہی پیپلز پارٹی دہشت گردی سے حکومت چلا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں مضبوط بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے جبکہ بارش میں کہیں پر بھی سینٹری ورکرز نظر نہیں آئے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے صوبہ سندھ کی بربادی پر پیپلز پارٹی کے وزراء کو چوڑیاں پہننے اور ڈوپٹے اوڑھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر محکمے میں بے ضابطگیاں ہورہی ہیں، کراچی کے نالوں کی صفائی کے سوا ارب خرد برد کرلئے گئے، صوبے میں اربوں کی کرپشن کا ذمہ دار کون ہے۔ انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈ بینک کو خط لکھیں گے کہ نالوں کی صفائی کے لئے ورلڈ بینک کی جانب سے دیئے گئے سوا ارب روپے کی تحقیقات کی جائے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں بہتری آ نہیں سکتی، کراچی کے دو اضلاع میں بارش ہوئی جس نے شہر کا برا حال کردیا، سندھ میں 33 ارب روپے لگے مگر کہاں لگے پتہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 40 سے 50 کروڑ نالوں کی صفائی کے نام پر خرچ کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے سوال کیا کہ بارش میں کراچی کے کمشنر کہاں تھے؟ ان کو شہر کی ذمہ داری دی جو دودھ اور سبزی کے نرخ کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان سندھ کی بربادی کا نوٹس لیں، شہر پانی میں ڈوب گیا، دو نالائق صوبائی وزراء شہر کے دورے میں سب اچھا کہہ رہے تھے لیکن یہ بتائیں کہ سوا ارب روپے کا کس کس میں بٹوارا ہوا ہے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اب ہمیں دنیا میں بدنام نہ کرے، یہی پیپلز پارٹی دہشت گردی سے حکومت چلا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں مضبوط بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے جبکہ بارش میں کہیں پر بھی سینٹری ورکرز نظر نہیں آئے۔


خبر کا کوڈ: 877209

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/877209/خرم-شیر-زمان-کا-پی-وزراء-کو-چوڑیاں-پہننے-اور-ڈوپٹے-اوڑھنے-مشورہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org