QR CodeQR Code

عیدالاضحیٰ کے موقع پر افغانستان میں تین روزہ جنگ بندی کا اعلان

29 Jul 2020 10:53

افغان طالبان کی جانب سے جاری اعلامیے میں عید قرباں کے 3 روز کے دوران اپنے جنگجوؤں کو افغان سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ طالبان نے افغانستان میں عیدالاضحیٰ پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کردیا۔ افغان طالبان کی جانب سے جاری اعلامیے میں عید قرباں کے 3 روز کے دوران اپنے جنگجوؤں کو افغان سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طالبان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان ایام میں اگر مخالف فریق کی جانب سے حملہ کیا جاتا ہے تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی افغان طالبان نے عید الاضحیٰ کے بعد بعد بین الافغان مذاکرات میں شرکت کے لیے مشروط آمادگی ظاہر کی تھی۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھی سیکیورٹی فورسز کو  سیز فائر کا حکم دے دیا ہے۔ اشرف غنی کے ترجمان نے کہا کہ اگر طالبان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گءی تو پھر ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ دونوں جانب سے جنگ بندی کا آغاز جمعہ سے ہو گا جو تین دن تک نافذ العمل ہو گا۔ گزشتہ ہفتے افغانستان کے مختلف علاقوں میں افغان فورسز کی کارروائیوں کے دوران 24 دہشت گرد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہو گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 877257

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/877257/عیدالاضحی-کے-موقع-پر-افغانستان-میں-تین-روزہ-جنگ-بندی-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org