QR CodeQR Code

چودھری شجاعت نے تحفظ بنیاد اسلام بل کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی

30 Jul 2020 19:22

جماعت اسلامی کے وفد سے گفتگو میں چودھری شجاعت نے بھی کہا کہ ہم نے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے بل پاس کروایا تھا، لیکن اسکے نتائج اس طرح نکلیں گے، اسکی توقع نہیں تھی۔ چودھری پرویزالہیٰ نے کہا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل سب کو متحد کرنیوالا بل ہے، اسکا مقصد وحدت کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علماء سے رابطے میں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ سے جماعت اسلامی کے وفد نے نائب امیر لیاقت بلوچ کی قیادت میں ملاقات کی۔ جماعت اسلامی کے وفد میں فرید احمد پراچہ، خواجہ صلاح الدین، سید احسان اللہ وقاص، ذکر اللہ مجاہد اور محمد جاوید قصوری شامل تھے، جبکہ قاف لیگ کے رہنماء کامل علی آغا اور چودھری شافع بھی ملاقات میں موجود تھے۔ چودھری پرویزالہیٰ نے لیاقت بلوچ سے تحفظ بنیاد اسلام بل میں تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بل کے نفاذ میں جماعت اسلامی کی قیادت کیساتھ مشاورت کریں گے اور جماعت بل کے نفاذ کیلئے حکومت کی مدد کرے۔

اس موقع پر چودھری شجاعت نے بھی کہا کہ ہم نے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے بل پاس کروایا تھا، لیکن اس کے نتائج اس طرح نکلیں گے، اس کی توقع نہیں تھی۔ چودھری پرویزالہیٰ نے کہا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل سب کو متحد کرنیوالا بل ہے، اس کا مقصد وحدت کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علماء سے رابطے میں ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ چودھری برادران کا خاندان ایک مذہبی گھرانہ ہے، جس کی دینی خدمات لائق تحسین ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بل کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کو اعتماد میں لیا جائے۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کو ایک پیج پر لانے کیلئے جماعت اسلامی اپنا کردار ادا کرے۔


خبر کا کوڈ: 877535

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/877535/چودھری-شجاعت-نے-تحفظ-بنیاد-اسلام-بل-کے-نفاذ-کیلئے-جماعت-اسلامی-سے-مدد-مانگ-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org