QR CodeQR Code

ایران نے اپنے تمام ترقیاتی منصوبوں سے بھارت کو آوٹ کر دیا ہے

پاکستان ’’پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ‘‘ بحال کرے، لیاقت بلوچ

30 Jul 2020 19:46

لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ 4 اگست کو کشمیر پر قومی مشاورت ہوگی، 5 اگست کو ایک سالہ بھارتی لاک ڈاؤن کیخلاف ملک گیر یوم سیاہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے اسلام آباد میں بہت بڑے احتجاجی مظاہرے کو منظم کیا جا رہا ہے، کشمیریوں کے اس شک و شبہ کو تیزی سے تقویت مل رہی ہے کہ پاکستان نے کشمیر پر سودے بازی کر لی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے بارے میں ایجنڈا دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا، تاحال جماعت اسلامی سے رابطہ نہیں کیا گیا۔ 4 اگست کو کشمیر پر قومی مشاورت ہوگی، 5 اگست کو ایک سالہ بھارتی لاک ڈاؤن کیخلاف ملک گیر یوم سیاہ ہوگا۔ لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے اسلام آباد میں بہت بڑے احتجاجی مظاہرے کو منظم کیا جا رہا ہے، کشمیریوں کے اس شک و شبہ کو تیزی سے تقویت مل رہی ہے کہ پاکستان نے کشمیر پر سودے بازی کر لی ہے، کشمیر کو شہ رگ قرار دینے والی حکومت کا تقریر، ٹویٹ، فون اور بے جان احتجاج کے علاوہ کوئی اقدام نظر نہیں آرہا، بھارت کو تجارتی رعایت دینے کیلئے افغان راہداری کھولنا بے حسی کی انتہا ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنے تمام ترقیاتی منصوبوں سے بھارت کو بے دخل کر دیا ہے، پاکستان بھی جرات پیدا کرتے ہوئے ایران کیساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو سرد خانے سے نکال کر بحال کرے، کشمیر پر متفقہ قومی لائحہ عمل وضع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ڈومیسائل کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریتی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے بھارت ہر ظالمانہ اقدام کر رہا ہے، روز مقبوضہ کشمیر میں سنگین واقعات ہو رہے ہیں، کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے، بدقسمتی سے پاکستان سے کشمیریوں کو مسلسل منفی پیغام دیا جا رہا ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی بجائے کشمیر پر قومی ترجیحات کا تعین کرے۔


خبر کا کوڈ: 877540

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/877540/پاکستان-پاک-ایران-گیس-پائپ-لائن-منصوبہ-بحال-کرے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org