QR CodeQR Code

جنوبی یمن میں علیحدگی پسندی کے خاتمے کا انصارللہ کیجانب سے خیرمقدم

30 Jul 2020 23:14

انصاراللہ یمن کی "نجات ملی" حکومت کے ڈپٹی وزیر خارجہ حسین العزی نے ٹوئٹر پر جانے ہونیوالے اپنے پیغام میں جنوبی یمن کی علیحدگی پسند تنظیم جنوبی عبوری کونسل کیجانب سے جنوبی یمن میں سعودی حمایت سے تشکیل پانیوالی نئی حکومت میں شراکتداری پر کنایۃ لکھا ہے امید ہے "ریاض معاہدے" کی موجودگی میں جنوبی یمن کے اندر علیحدگی پسندی کا پرچم دوبارہ بلند نہیں ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ یمنی ڈپٹی وزیر خارجہ حسین العزی نے یمن کے جنوبی علاقوں پر قابض سعودی حمایت یافتہ منصور ہادی کی مستعفی حکومت اور متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ علیحدگی پسند تنظیم جنوبی عبوری کونسل کے درمیان طے پانے والے "ریاض معاہدے" پر اظہار خیال کرتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ ہم "جنوبی عبوری کونسل" اور "اصلاح" کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر تبریک کہتے ہیں کیونکہ اس معاہدے کے ذریعے جنوبی یمن کی آزادی کا پرچم ہمیشہ ہمیشہ کے لئے رکھ دیا گیا ہے۔ یمنی ڈپٹی وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ امید ہے کہ اس معاہدے کی موجودگی میں علیحدگی پسندی کا پرچم دوبارہ بلند نہیں ہو گا کیونکہ ایسا کیا جانا ایک لحاظ سے تنزلی ہو گا اور دوسرے لحاظ سے الاصلاح پارٹی میں موجود ہمارے بھائیوں کے لئے بھی انتہائی شرمندگی کا مقام قرار پائے گا کیونکہ اس طرح ملکی سالمیت پر مبنی ان کا دعوی جھوٹا ثابت ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے "ریاض معاہدے" کے ضمن میں پیش کئے جانے والے جنوبی یمن کے نئے حکومتی ڈھانچے پر گذشتہ روز اتفاق ہو گیا تھا جس کے مطابق مستعفی سابقہ یمنی حکومت کے وزیر اعظم معین عبدالملک کو کابینہ تشکیل دینے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی یمن میں سعودی عرب کی حمایت سے تشکیل پانے والی نئی حکومت کی وزارتیں سابقہ یمنی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل کے ساتھ ساتھ "التجمع الیمنی للاصلاح"، "الموتمر الشعبی العام"، "موتمر حضرموت الجامع"، "المقاومۃ الجنوبیۃ" اور "حراک المہرۃ" کو بھی دی جائیں گی۔ اطلاعات کے مطابق "الموتمر" اور "الاصلاح" کو 3، 3 جبکہ "الاشتراکی"، "الناصری"، "العدالۃ و البناء" اور "اتحاد الرشاد السلفی" کو 1، 1 وزارت دی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 877588

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/877588/جنوبی-یمن-میں-علیحدگی-پسندی-کے-خاتمے-کا-انصارللہ-کیجانب-سے-خیرمقدم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org