QR CodeQR Code

شام، امریکہ کیلئے جاسوسی کرنیوالے مزید 2 دہشتگرد گرفتار

30 Jul 2020 23:58

شامی سرکاری خبررساں ایجنسی شانا نے خبر دی ہے کہ امریکی فورسز کیلئے کام کرنیوالی دہشتگرد تنظیم "مغاویر الثورہ" کے مزید 2 دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ان دہشتگردوں نے اعتراف کیا ہے کہ التنف کے علاقے میں قائم غیر قانونی امریکی فوجی اڈے سے انہیں شامی افواج کی جاسوسی کے لئے بھیجا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ شامی سرکاری خبررساں ایجنسی شانا کے مطابق شامی سکیورٹی فورسز نے امریکہ کے زیر کنٹرول کام کرنے والے "مغاویر الثورہ" نامی دہشتگرد گروہ کے مزید 2 دہشتگرد گرفتار کر لئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شامی صوبے حمص کے شہر تدمر سے تعلق رکھنے والی شامی سکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات اور دہشتگرد گروہوں کے خلاف جاری انٹیلیجنس آپریشن کے مطابق صوبہ حمص کے جنوبی شہر القریتین سے 2 دہشتگرد گرفتار کر لئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ان دہشتگردوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے التنف میں واقع غیر قانونی امریکی فوجی اڈے کے اندر تربیت پائی ہے جبکہ وہ شامی فوجی چھاؤنیوں سے بھی کئی مرتبہ اطلاعات حاصل کر کے امریکی فورسز کے حوالے کر چکے ہیں۔
 


رپورٹ کے مطابق دونوں دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحے سمیت امریکی ساختہ نائٹ ویژن بھی برآمد ہوا ہے۔ محمد الدخول اور عبداللہ حویان شلاش نامی گرفتار دہشتگردوں نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا تعلق مغاویر الثورہ نامی دہشتگرد گروہ کے ساتھ ہے جن کا ہیڈ کوارٹر بھی التنف میں واقع غیر قانونی امریکی فوجی اڈے کے اندر ہی واقع ہے۔ گرفتار شدہ دہشتگردوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں امریکی فورسز کی جانب سے بھاری اجرت، اسلحہ و رات کی تاریکی میں واضح دکھانے والے نائٹ ویژن کیمرے سمیت ضروری سازوسامان دینے کے بعد علاقے کے اندر موجود شامی فوجی اڈوں کے بارے اطلاعات کے حصول کے لئے روانہ کر دیا گیا تھا۔ دونوں دہشتگرد بم حملوں کی غرض سے شہر القریتین کے اندر شامی چھاؤنیوں اور تیل کی تنصیبات کی تصاویر بھی لیتے رہے۔


خبر کا کوڈ: 877591

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/877591/شام-امریکہ-کیلئے-جاسوسی-کرنیوالے-مزید-2-دہشتگرد-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org