0
Friday 31 Jul 2020 02:43

بارش ختم ہونے کے چار روز بعد وزیراعظم کا نوٹس باعث حیرت ہے، مرتضٰی وہاب

بارش ختم ہونے کے چار روز بعد وزیراعظم کا نوٹس باعث حیرت ہے، مرتضٰی وہاب
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کراچی کی بارشوں پر اب نوٹس لیا ہے، جس پر حیرت اور افسوس ہوتا ہے، کراچی میں بارشوں کو گزرے چار روز ہوگئے، برساتی پانی کی نکاسی ہوچکی، پریشانی کا مداوا بہت حد تک ہوچکا اور خان صاحب کو کراچی کی یاد آئی، مگر بہت دیر کردی مہرباں آتے آتے۔ اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی بطور جماعت اور حکومت کام کرنے پر یقین نہیں رکھتی، پی ٹی آئی کا ایک ہی کام ہے اعلان کرو، وعدے کرو اور بس کام نہیں کرو۔ بیرسٹر مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن سے پہلے اور اقتدار میں آنے کے بعد کراچی والوں کو صرف سہانے خواب دکھائے، پچھلے دوسال میں خان صاحب کا کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اب جب بارش کے بعد تقریباً کام ہوچکا ہے تو وفاقی حکومت کو خیال آیا۔ بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے سوال کیا کہ جب کراچی میں بارش ہورہی تھی تو کیا گورنر کراچی کی سڑکوں پر نظر آئے تھے؟ جب کراچی میں بارشوں سے مشکلات سامنے آئیں تو کیا پی ٹی آئی کے وزراء کہیں دکھائی دیئے؟ پی ٹی آئی کا ایم این اے اور ایم پی اے کراچی کے شہریوں کے ساتھ دکھائی نہیں دیا۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ اُس وقت انہیں کراچی کے مسائل حل کرنے اور شہریوں کا احساس نہیں ہوا، اب کراچی میں بارشوں کے بعد مسئلہ بہت حد تک حل ہوچکا ہے، اب یہ مگرمچھ کے آنسو بہانے کے لئے سامنے آئے ہیں، پی ٹی آئی کا دہرا معیار اور منافقت کراچی والوں کے سامنے عیاں ہوچکی ہے، ان کی نظر میں کراچی صرف چندہ مانگنے کی فیکٹری ہے، یہ صرف ووٹ اور چندہ لینے آتے ہیں۔ بیرسٹر مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ ان کا اصول کراچی آؤ ووٹ، چندہ لو، مگر کام نہیں کرو والا ہے، آخر کب تک وفاقی حکومت کراچی کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی کرتی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 877600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش