0
Saturday 1 Aug 2020 18:08

کشمیری مظلوموں کی آہیں اور سسکیاں پوری دنیا کے ضمیر پر بوجھ ہیں، اعجاز ہاشمی

کشمیری مظلوموں کی آہیں اور سسکیاں پوری دنیا کے ضمیر پر بوجھ ہیں، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے بھارت فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کا ایک سال مکمل ہونے پر اُمت مسلمہ کی بے حسی اور عالمی برادری کی بے شرمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری مظلوموں کی آہیں اور سسکیاں پوری دنیا کے ضمیر پر بوجھ ہیں، حیرت تو یہ ہے کہ خود پاکستانی حکومت نے بھی کشمیریوں کیلئے کچھ نہیں کیا، صرف تقریروں اور قراردادوں سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا، اس کیلئے عالمی برادری کو جھنجوڑنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان پر ایسے سیاسی یتیموں کا ٹولہ مسلط کیا گیا ہے، جنہیں سیاسی سوج بوجھ ہے اور نہ ہی عالمی برادری سے اپنی بات منوانے کی سکت ہی ہے، یہ ٹولہ صرف جمہوریت کو بدنام کرنے کیلئے مسلط کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عید ملنے کیلئے آنیوالے پارٹی رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ بھارت ایک سازش کے تحت اڑھائی لاکھ ہندووں کو کشمیر میں آباد کر چکا ہے تاکہ مسلم اکثریتی ریاست میں مسلمان آبادی کو اقلیت میں تبدیل کر دیا جائے، حالانکہ کشمیر متنازع علاقہ ہے، جہاں کوئی غیر کشمیری جائیداد خرید نہیں سکتا مگر بھارت نے اپنی روایتی خباثت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر آئینی اقدام بھی اٹھا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پر محض جذباتی بیانات دینے کی روایت ختم کرنی چاہیے، کشمیر کی موجودہ مایوس کن صورتحال نئے بیانیے کا تقاضا کرتی ہے، او آئی سی کے 57 اسلامی ممالک ممبر ہیں مگر افسوس ان میں سے ترکی اور ایران کے سوا کسی نے بھی کھل کر کشمیر کی حمایت نہیں کی، یہ ہماری ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے، موجودہ حکومت دعوے تو بہت بڑے بڑے کرتی ہے لیکن عملی طور پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا گیا اب جبکہ عالمی حالات کے تناظر اور چین کیساتھ سرحدی تصادم کی وجہ سے بھارت بہت کمزور ہو چکا ہے، پاکستان کو اپنی حکمت عملی بدل کر کشمیر کو بھارتی تسلط سے واپس لینا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 877726
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش