QR CodeQR Code

شاہ محمود قریشی کی ایل او سی پر موجود جوانوں سے ملاقات

3 Aug 2020 12:27

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر رہنے والے کشمیریوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایل او سی پر بھارت کی جانب سے مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کی عظمت، ہمت اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور معاون خصوصی معید یوسف لائن آف کنٹرول پہنچ گئے، ایل او سی پر عسکری حکام نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بریفنگ دی۔ اس دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم کو ان جری سپوتوں کی جواں مردی اور بہادری پر فخر ہے، ایل او سی پر نہتے کشمیریوں پر بھارت کی جانب سے بلاجواز فائرنگ کی جاتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایل او سی پر کشمیریوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بھارت کی جانب سے مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہوتی ہے، کشمیریوں نے 5 اگست کے اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔ اس سے قبل اپنے بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایل او سی پر جا رہے ہیں، میڈیا نمائندوں اور عسکری حکام کے ساتھ ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر کا دورہ کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میڈیا نمائندوں کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں اور شہری علاقوں کو نشانہ بنائے جانے کے شواہد کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیرخارجہ مظفرآباد بھی جائیں گے جہاں آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ 


خبر کا کوڈ: 878029

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878029/شاہ-محمود-قریشی-کی-ایل-او-سی-پر-موجود-جوانوں-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org