QR CodeQR Code

وزیراعظم کی ہدایت، کراچی میں بڑے پیمانے پر نالوں کی صفائی کا آغاز

3 Aug 2020 13:31

گجر نالے پر پاک فوج، ایف ڈبلیو او ٹیمیں کچرا نکالنے پہنچ گئیں، گجر نالے پر پاکستان رینجرز کے اہلکار بھی موجود ہیں، ایف ڈبلیو او کے 50 سے زائد ڈمپرز اور کرینیں کچرا نکالنے میں مصروف ہیں، نالوں سے نکالا گیا کچرا فوری طور لینڈ فِل سائٹ پر منتقل کیا جارہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے کراچی میں نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا گیا، گجر نالے کے مختلف مقامات پر ایف ڈبلیو او کی مشینری کی مدد سے صفائی کا عمل جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی جانب سے کراچی میں بڑے پیمانے پر نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا گیا، نارتھ ناظم آباد میں این ڈی ایم اے کی زیر نگرانی صفائی کا عمل ایف ڈبلیو او کی مشینری کی مدد سے شروع کیا گیا۔ گجر نالے پر پاک فوج، ایف ڈبلیو او ٹیمیں کچرا نکالنے پہنچ گئیں، گجر نالے پر پاکستان رینجرز کے اہلکار بھی موجود ہیں، ایف ڈبلیو او کے 50 سے زائد ڈمپرز اور کرینیں کچرا نکالنے میں مصروف ہیں، نالوں سے نکالا گیا کچرا فوری طور لینڈ فِل سائٹ پر منتقل کیا جارہا ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے گجر نالے کے مختلف مقامات پر صفائی کی جارہی ہے جبکہ کیفے پیالہ ایف بی ایریا میں بھی ہیوی مشینری سے نالے کی صفائی جاری ہے۔

گذشتہ روز چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل نے کہا تھا کہ شہر کے بڑے نالے ایف ڈبلیو او کے حوالے کردیئے گئے، بارش کی ہنگامی صورتحال سےنمٹنے کے لئے بڑے پیمانے پر کام شروع ہوگا، کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ایک ساتھ مل کر بیٹھنا ہوگا تاکہ کوئی دیرینہ حل نکل سکے کیونکہ وقتی طور پر کئے جانے والے اقدامات سے شہریوں کو ریلیف تو ملے گا مگر مسائل جوں کے توں رہیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے لئے 6 دن بڑے اہم ہیں، 7 سے 9 اگست تک بارش کا امکان ہے، اُس کے بعد 15 اگست تک ایک اور کمزور سسٹم حدود میں موجود رہے گا، جو وقتاً فوقتاً برستا رہے گا، اُس کے بعد بارش زیادہ نہیں ہوگی، ندی نالوں پر بہت تجاوزات قائم ہوچکیں، تین سو میٹر کے چوڑے نالے بعض مقامات پر تین میٹر تک سکڑ گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 878039

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878039/وزیراعظم-کی-ہدایت-کراچی-میں-بڑے-پیمانے-پر-نالوں-صفائی-کا-آغاز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org