0
Tuesday 4 Aug 2020 00:07

یوم شہدائے پولیس، ڈی آئی خان میں خصوصی تقریبات کا انعقاد

یوم شہدائے پولیس، ڈی آئی خان میں خصوصی تقریبات کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ صوبے بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں یوم شہدائے پولیس کے عنوان سے مختلف مقامات پہ مختلف تقریبات اور کیمپس کا سلسلہ جاری ہے۔ یوم شہدائے پولیس کے سلسلے میں ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) واحد محمود کی نگرانی میں جی پی او چوک پر خیبر پختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی کیمپ قائم کیا گیا۔ شہداء کیمپ میں تاثرات بک رکھی گئی، جس میں کیمپ کا دورہ کرنے والی اہم شخصیات نے اپنے تاثرات قلم بند کیے۔ شہداء کیمپ میں پولیس شہداء کی تصاویر کے پورٹریٹ آویزاں کیے گئے۔ کیمپ کا دورہ کرنے والی شخصیات میں وفاقی وزیر سردار علی امین خان گنڈہ پور، ممبر آ  نیشنل اسمبلی شیخ یعقوب، ڈپٹی کمشنر عمیر خان و دیگر شامل تھے۔ کیمپ کے اختتام پہ شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے ڈیرہ شہر کے امن اور اس ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

علاوہ ازیں یوم شہدائے پولیس کے سلسلے میں پولیس لائنز بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پولیس افسران اور جوانوں نے بڑھ چڑھ کر خون کے عطیات دیے۔اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ نے خون کے عطیات دینے والے پولیس اہلکاروں اور افسران کی اس کار خیر کو فلاح انسانیت کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا جس طرح شہداء نے اپنا لہو دے کر اس پاک سر زمین کے تحفظ پر اپنی جانیں نچھاور کر کے قربانی کی لازوال تاریخ رقم کی اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو کر دنیا و آ خرت میں کامیابی کا زینہ حاصل کر لیا اسی طرح خون کے عطیات دینے و الے جوان بھی انسانیت کی جان بچانے کی سعادت حاصل کر کے فلاح پانے والوں میں شامل ہوئے ہیں کیونکہ اسلامی تعلیمات کی رو سے جس نے ایک انسان کی جان بچائی، گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی ہے۔ ان جوانوں کا عطیہ کیا گیا خون امراض خون میں مبتلا بچوں یا دیگر مریضوں کی زندگی بچانے کے ہی کام آئے گا۔
خبر کا کوڈ : 878163
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش