QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر، دفعہ 370 کے خاتمے کا ایک سال مکمل، وادی بھر میں کرفیو کا نفاذ

4 Aug 2020 16:02

قابض فورسز نے تمام اہم سڑکوں، شاہراﺅں، گلی کوچوں اور رابطہ سڑکوں کو خاردار تار سے سیل کر کے لوگوں کو گھروں تک ہی محدود رکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019ء کے بھارتی حکومت کے فیصلوں کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر انتظامیہ نے وادی کشمیر میں منگل کی صبح سے بدھ یعنی 5 اگست کی شام تک سخت کرفیو نافذ کردیا۔ ذرائع کے مطابق وادی کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کا یہ فیصلہ پولیس، فوج اور انٹلی جنس ایجنسیوں کی ایک کور گروپ میٹنگ میں لیا گیا۔ میٹنگ میں فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو، جموں و کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ اور صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے شرکت کی۔

اطلاعات کے مطابق پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی اضافی تعداد کو وادی بھر میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھا جاسکے۔ پولیس اور قابض فورسز نے تمام اہم سڑکوں، شاہراﺅں، گلی کوچوں اور رابطہ سڑکوں کو خاردار تار سے سیل کر کے لوگوں کو گھروں تک ہی محدود رکھا ہے۔ اطلاعات میں یہ بھی بتایا گیا کہ وادی کے کئی علاقوں میں آج صبح پولیس کی گاڑیوں کے ذریعے لوگوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ دو روز تک گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ سرینگر ضلع میں کرفیو کے نفاذ کے لئے باضابطہ احکامات صادر کئے گئے تاہم وادی کے دیگر علاقوں میں مقامی ذرائع کے مطابق غیر اعلانیہ کرفیو کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 878309

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878309/مقبوضہ-کشمیر-دفعہ-370-کے-خاتمے-کا-ایک-سال-مکمل-وادی-بھر-میں-کرفیو-نفاذ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org