0
Tuesday 4 Aug 2020 17:57

بھارت و پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بامعنی بات چیت شروع کریں، حریت کانفرنس (م)

بھارت و پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بامعنی بات چیت شروع کریں، حریت کانفرنس (م)
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) نے بھارت اور پاکستان کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیرکو پُرامن طور حل کرنے کے لئے بامعنی بات چیت کا آغاز کریں۔ ایک بیان میں حریت کانفرنس (م) نے گزشتہ برس 5 اگست کے بھارتی حکومت کے اقدامات کو یکطرفہ اور اس کے نتیجے میں قوانین کے نفاذ کو جموں کشمیر کی تاریخ کا ایک انتہائی افسوسناک باب قرار دیا ہے۔ بیان میں حریت کانفرنس (م) نے کہا کہ ایک برس گزر چکا ہے اور لاک ڈاؤن اور گرفتاریوں و نظربندیوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جبکہ ایک بعد ایک کشمیر مخالف اور اکثریت مخالف اقدامات اور قوانین اور آرڈیننسز کو عوام پر مسلط کیا جارہا ہے جو بھارتی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کا عکاس ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہاں تک کہ مذہبی تقاریب پر بھی پابندیاں ہنوز جاری ہیں۔ حریت کانفرنس (م) نے کہا کہ جموں کشمیر کی آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی کوششوں کے نتیجے میں اس کی متنازعہ حیثیت اور ہیت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی اس حقیقت سے فرار اختیار کیا جاسکتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل نکالنا ناگزیر ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے ان اقدامات سے جموں کشمیر کے تمام خطوں کے لوگوں میں شدید ناراضگی اور مایوسی میں اضافہ ہوا ہے۔ حریت نے اپنے اس موقف کو واضح کیا ہے کہ اس نے روز اول سے ہی مسئلہ کشمیر کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق پُرامن حل کی وکالت کی ہے اور وہ اپنے اس موقف پر قائم ہے۔ بیان میں بھارت اور پاکستان کی حکومتوں پر زور دیا گیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور پُرامن حل کے لئے فوری طور بامعنی بات چیت کا آغاز کریں اور اس عمل میں مسئلہ کشمیر کے اہم فریق کشمیری عوام کی شرکت کو یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 878316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش