QR CodeQR Code

کشمیر بھارتی فوج کا قبرستان بن سکتا ہے، بھارت کا حصہ نہیں، ضیاالحق نقشبندی

آج پوری قوم نے ثابت کر دیا وہ کشمیری بھائیوں کیساتھ ہے، حافظ طاہر اشرفی

5 Aug 2020 20:25

متحدہ علماء بورڈ کے کوارڈینیٹر کا لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان جمہوری طریقہ سے بنا تھا اور جمہوری انداز میں مقبوضہ کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا، سکھ برداری سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ خالصتان تحریک کو تیز کریں، حکومت پاکستان کی جانب سے نئے نقشہ سے عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ اُبھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی جبر مسلسل کا جواب عزم مسلسل سے دے رہے ہیں، 80 لاکھ کشمیری صحت تعلیم اور عبادت کے حق سے محروم ہیں، مگر عالمی ضمیر خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تنظیمِ اتحادِ اُمت پاکستان اور کوآرڈینیٹر متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب پیر محمد ضیاءالحق نقشبندی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کا قبرستان تو بن سکتا ہے لیکن بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، کیونکہ 70 برسوں میں بھارت کے 7 لاکھ بھارتی فوجی واصل جہنم ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب کشمیر کی آبادیاتی ساخت تبدیل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نقشہ کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان جمہوری طریقہ سے بنا تھا اور جمہوری انداز میں مقبوضہ کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا، سکھ برداری سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ خالصتان تحریک کو تیز کریں، حکومت پاکستان کی جانب سے نئے نقشہ سے عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ اُبھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی جبر مسلسل کا جواب عزم مسلسل سے دے رہے ہیں، 80 لاکھ کشمیری صحت تعلیم اور عبادت کے حق سے محروم ہیں، مگر عالمی ضمیر خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

پیر ضیاالحق نقشبندی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتی ہندوستانی حکومت کی سینہ زوری دنیا کو کیوں نظر نہیں آتی، او آئی سی میں شامل اسلامی ممالک کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے اور کھل کر مسئلہ کشمیر پر بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ عوام، افواج پاکستان اور حکومت پاکستان کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی اس جنگ میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ہندو سن لیں، کشمیر ہے جنت، جنت کسی کافر کو ملی ہے اور نہ ملے گی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری عوام کے دکھ اور مسائل کو پاکستانی عوام سمجھتی ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور چیئرمین متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب حافظ طاہر اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاشسٹ بھارتی حکمرانوں اور قابض ہندوستانی فوج کے ظلم و بربریت کے شکار 80 لاکھ نہتے کشمیری مسلمان 365 دن سے فوجی محاصرے میں ہیں آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی اور کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے بعد کشمیری مسلمان حق خودارادیت کیلئے ایک ایک لمحہ اذیت میں گزار رہے ہیں، آج پوری قوم نے بھرپور جوش و خروش سے کشمیریوں کی زبان سے یک زبان ہو کر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی ماﺅں، بہنوں اور بیٹیوں کیساتھ ہیں۔ مفتی محمد قیصر شہزاد نعیمی اور جنرل سیکرٹری تحفظ ناموس رسالت محاذ مولانا محمد علی نقشبندی اور سید تنویر حسین نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر صدر پاکستان کی جانب سے سینیٹ کا خصوصی اجلاس بلانا بھی قابل تعریف عمل ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ محمد ذیشان نے کہا کہ سکیورٹی کونسل کی قرارداد 47 (1948) اور اس کے بعد کی دیگر قراردادوں میں مجوزہ غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے شماری کے اصول سے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی قانونی حیثیت ظاہر ہوتی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حافظ امیر علی اعوان نے کہا کہ دوسری طرف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اپنی قرارداد 2649 (1970) اور دیگر کئی قراردادوں کے ذریعے بیرونی غلبے کی زد میں رہنے والے لوگوں کی جدوجہد کی جائز حیثیت کی توثیق کر چکی ہے۔ دنیا کو آگاہ رہنا چاہیے کہ پاک بھارت تنازع ایک تباہ کن جنگ میں بدل سکتا ہے اور صورتحال ایٹمی ہتھیاروں کی نہج تک پہنچ سکتی ہے، اس خطرے کو ٹالنے کیلئے سکیورٹی کونسل کے اراکین، دیگر ریاستیں اور عالمی ادارے ایسے تمام اقدامات اٹھانے کی بھرپور کوشش کریں گے، جن سے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دنیا کی اہم طاقتیں بھارت کو 5 اگست 2019 کا اپنا فیصلہ واپس لینے اور پاکستان و کشمیری عوام کیساتھ کامیاب امن عمل کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کریں۔ تنظیم اتحاد امت پاکستان 18 ذی الحج یوم شہادت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سلسلہ میں جمعہ 7 اگست ”یوم عثمان غنی کے طور پر اور یکم محرم سے 10 محرم تک عشرہ فاروق و حسین کے طور پر منائیں گے۔ باقی مقررین میں مولانا اجمل شفیق، مفتی غلام یاسین نظامی، مولانا محمد عابد قادری، مولانا حافظ اکبر جتوئی، مفتی ابوبکر قریشی، ڈاکٹر بدر منیر سیفی، مفتی سید عاشق حسین، مولانا عاصم مخدوم، مولانا اصغر عارف چشتی، ذوالفقار علی نقشبندی، عارف طیبی، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا محمد اسلم قادری، مولانا حفیظ الرحمن، مولانا عبدالقیوم فاروقی، مولانا بشیر رحیمی اور دیگر شامل تھے۔


خبر کا کوڈ: 878436

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878436/کشمیر-بھارتی-فوج-کا-قبرستان-بن-سکتا-ہے-بھارت-حصہ-نہیں-ضیاالحق-نقشبندی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org