QR CodeQR Code

اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، محمود خان

5 Aug 2020 21:20

پشاور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کشمیری عوام کو ایک سال سے سخت ترین لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، ہم کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، ہم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کی صورت حال کو اُجاگر کیا، یہی وجہ ہے کہ بھارت آج تنہائی کا شکار ہے۔تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس پشاور سے آفیسرز میس تک یوم استحصال کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت وزیراعلیٰ کے پی نے کی، محمود نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی فورمز پر جیسے کشمیر کا مقدمہ لڑا اس کی مثال نہیں، انہوں نے بھارت کی انسانیت سوز کارروائیوں سے پردہ اٹھا دیا۔محمود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، کشمیری عوام 7 دہائیوں سے ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، فاشسٹ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے، 5 اگست کا اقدم کشمیریوں پر ظلم و ستم کی نئی داستان کا آغاز ہے۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کشمیری عوام کو ایک سال سے سخت ترین لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، ہم کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، ہم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیری عوام بھارتی ظلم کے سامنے سینہ سپر ہیں، لیکن باعث تشویش ہے کہ عالمی انسانی حقوق کے اداروں کی موجودگی میں یہ ظلم ہو رہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ عالمی طاقتیں، تنظیمیں اور اقوام متحدہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کرائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کے یک طرفہ ظالمانہ اور غیر قانونی بھارتی اقدام کو ایک سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان میں آج ”یوم استحصال“ منایا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 878585

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878585/اقوام-متحدہ-کی-قراردادوں-روشنی-میں-مسئلہ-کشمیر-حل-کیا-جائے-محمود-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org