QR CodeQR Code

پشاور، یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی

5 Aug 2020 21:37

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا ہے کہ کشمیر کا غدار پاکستان کا بھی غدار ہے۔ ایسے لوگوں کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔ حکمران تقریروں اور مطالبات کے بجائے عملی کام کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا ہے کہ کشمیر کا غدار پاکستان کا بھی غدار ہے۔ ایسے لوگوں کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔ حکمران تقریروں اور مطالبات کے بجائے عملی کام کریں۔ پاکستان کو او آئی سی کا اجلاس بلانا چاہئے تھا، صدر اور وزیراعظم کو عالمی سطح پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑنا چاہئے تھا لیکن حکمران نغموں، نقشوں اور شاہراہوں کے ذریعے کشمیر کو آزادی دلانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔ سیاسی بیانات اور نغموں سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔ حکومت بھارتی جاسوسوں اور پائلٹوں کو چھوڑ رہی ہے، نریندر مودی سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ لیکن کشمیریوں کے لئے کچھ نہیں کر رہی۔ کشمیر کا مقدر آزادی ہے۔ کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد فی سبیل اللہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پشاور کے زیر اہتمام بھارت مردہ باد، آزادی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی تاریخی مسجد مہابت خان سے شروع ہوئی اور چوک یادگار پر جلسے کی شکل اختیار کرلی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر عتیق الرحمٰن، سیکرٹری جنرل قاری احمد سعید، نائب امیر حافظ حشمت خان، خالد گل مہمند اور جے آئی یوتھ پشاور کے صدر نور غلام آفریدی نے بھی خطاب کیا۔ عبدالواسع نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیری عوام پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں۔ پاکستان کی معیشت،  بجلی اور زراعت کا انحصار کشمیر پر ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اپنی شہ رگ کو دشمن کے قبضے میں نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر پورے ملک میں لوگ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں،  ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ جماعت اسلامی اور پشتون عوام آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم ہمیشہ آپ کی پشت پر ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 878590

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878590/پشاور-یوم-استحصال-کشمیر-کے-موقع-پر-جماعت-اسلامی-کی-احتجاجی-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org