QR CodeQR Code

یوم استحصال ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا

ڈی آئی خان، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف عوامی ریلی

5 Aug 2020 23:55

​​​​​​​ریلی کے اختتام پر کمشنر ڈیرہ ڈویژن یحییٰ اخونزادہ اور ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج یاسین فاروق نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرکے گوشت اور ناخن کو الگ الگ کرنے کی کوشش کی ہے جو کہ ناممکن ہے۔ کشمیر کی آزادی تک ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں یوم استحصال ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور کرفیو کا ایک سال مکمل ہونے پر ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت کمشنر ڈیرہ یحییٰ اخونزادہ، ریجنل پولیس آفیسر یاسین فاروق اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کی۔ ریلی میں مختلف اداروں کے مقامی ذمہ داران سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ ریلی کے دوران کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے فاصلوں اور ماسک کے استعمال کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ریلی کے شرکاء کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بھارتی حکومت کی پرزور مذمت اور کشمیریوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بلند آواز میں نعرے لگائے گئے۔ ریلی مقبوضہ کشمیر کی محصور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی، جو کہ جی پی او چوک سے شروع ہو کر توپانوالہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے اختتام پر کمشنر ڈیرہ ڈویژن یحییٰ اخونزادہ اور ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج یاسین فاروق نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرکے گوشت اور ناخن کو الگ الگ کرنے کی کوشش کی ہے جو کہ ناممکن ہے۔ کشمیر کی آزادی تک ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بھارت کشمیر میں جتنا بھی ظلم و جبر کر لے مگر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو پائے گا۔ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ بالخصوص حالیہ جاری لاک ڈاؤن اور کرفیو بھارت کی جانب سے انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ کشمیر کے شہیدوں کا لہو رنگ لے آئے گا اور کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔کشمیرکی آزادی کیلئے ہمیں جس حد تک بھی جانا پڑا تو جائیں گے اور لڑنا پڑا تو لڑیں گئے بھی، ہماری رگوں میں کشمیریوں کا خون دوڑ رہا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے بھی میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہم سے میلوں دور سہی مگر ہمارے دل کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کا جذبہ دیدنی ہے، اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیلئے ہم سب یکجا ہیں۔


خبر کا کوڈ: 878620

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878620/ڈی-ا-ئی-خان-مقبوضہ-کشمیر-میں-بھارتی-مظالم-کیخلاف-عوامی-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org