0
Thursday 6 Aug 2020 09:40

کراچی سمیت سندھ میں آج سے گرج چمک کیساتھ بارش کاامکان

کراچی سمیت سندھ میں آج سے گرج چمک کیساتھ بارش کاامکان

اسلام ٹائمز۔ شہر قائد سمیت سندھ بھر میں آج سے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بارش سے قبل آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔ ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق آج 6 اگست کی شام کو پھر بادل جم کر برسيں گے۔ آج صبح تھر پارکر میں بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، جبکہ حيدرآباد، ٹھٹھہ، بدين اور بلوچستان کے مختلف علاقوں ميں آج شام سے بارش کا امکان ہے۔ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے 24 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسميات کے مطابق جمعے اور ہفتے کو پنجاب کے مختلف علاقوں ميں بھی بارش ہوگی۔ میٹ آفس کا مزید کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کا ایک اور طاقتور سسٹم آج 6 اگست کی شام داخل ہوگا۔ نئے بارش برسانے والے مضبوط سسٹم سے جمعے اور ہفتے کو 100 سے 130 ملی میٹر بارش ہوگی۔ ادارے کے مطابق آج شہر میں مطلع ابر آلود رہے گا، جب کہ موسم گرم اور مرطوب ہوگا۔ صبح کے اوقات میں شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر میں جنوب مغرب سے ہوائیں 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے ممکنہ موسلا دھار بارش کے پیش نظر نالوں کی صفائی کے کام بھی تیزی کر دی گئی ہے، تاکہ شہر کو گزشتہ ادوار میں پیش آنے والی صورت حال سے بچایا جا سکے۔ شہر میں ہوا کا دباؤ کم رہے گا، ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے شہر میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے پر سسٹم مضبوط ہو سکتا ہے۔ میٹ آفس کی جانب سے جاری وارننگ کے مطابق بارش کے چوتھے اسپیل کے دوران بلوچستان اور کوہ سلیمان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔ اس دوران سندھ اور مکران کے ساحل پر سمندری لہریں طلاطم خیز رہیں گی۔ میٹ آفس نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہی گیر حضرات سمندر میں جانے سے گریز کریں، جبکہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ تیز اور موسلا دھار بارش کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں جمعہ اور ہفتہ کو اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 878640
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش