0
Thursday 6 Aug 2020 19:13

مصطفیٰ کمال کی کراچی وفاق کے سپرد کرنے کی مخالفت

مصطفیٰ کمال کی کراچی وفاق کے سپرد کرنے کی مخالفت
اسلام ٹائم۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کراچی کو وفاق کے سپرد کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو تقسیم کرکے لڑائی کے نہ رکنے والے سلسلے کی بنیاد رکھی گئی ہے، یہاں 6 الگ انتظامیہ چل رہی ہیں جن میں آپس میں رابطہ نہیں ہے۔ کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی کے نالوں کی صفائی کے معاملے پر وزیراعظم کو نوٹس لینا پڑا، شہر کی صفائی جن اداروں کے ذمہ ہے ان کو کام کرنا چاہیئے۔ مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی کراچی کی صفائی میں مل کر کردار ادا کریں تو نالے اور شہر صاف ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کی بربادی کے ذمہ دار بلدیاتی نمائندے ہیں، درخواست کی کہ تمام مئیر اور ڈی ایم سیز کے چیئرمین کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور ان کو دیئے گئے فنڈز کی تحقیقات کی جائیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کو 6 اضلاع میں تقسیم کردیا گیا ہے جبکہ کراچی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو غیر فعال کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو تقسیم کرنے کو سندھ کی تقسیم کی ابتداء سمجھتے ہیں، ہمیں سندھ کی تقسیم نامنظور ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ دنیا شہری علاقوں کو ملانے میں لگی ہے ہم الگ کررہے ہیں، پیپلز پارٹی حکومت نے کراچی کو نسلی بنیاد پر 6 ڈسٹرکٹس میں تقسیم کردیا ہے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کی وجہ اسے 6 ڈسٹرکٹس میں تقسیم کرنا ہے، اسے ایک ڈسٹرکٹ کی شکل میں بحال کیا جائے، شہر کی 6 حصوں میں تقسیم منظور نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کراچی کو 2013ء کی پوزیشن پر دوبارہ بحال کیا جائے، آپ کو یونٹس بنانے ہیں تو پہلے جیسے 18 ٹاؤن بنانے ہوں گے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ فوج کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ شہر صاف کرے۔
خبر کا کوڈ : 878739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش