0
Thursday 6 Aug 2020 23:37

لاکھوں کشمیریوں کی شہادت کے ذمہ دار امت مسلمہ کے حکمران ہیں، مشتاق خان

لاکھوں کشمیریوں کی شہادت کے ذمہ دار امت مسلمہ کے حکمران ہیں، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیرمیں دہرا لاک ڈاؤن ہے، ایک طرف کورونا کا لاک ڈاؤن ہے اور دوسری طرف فوجی محاصرہ ہے، لاکھوں کشمیریوں کی شہادت، ہزاروں خواتین اور بچوں کے قتل اور سینکڑوں خواتین کی جنسی زیادتی کے ذمہ دار پاکستان کے حکمران بالخصوص اور امت مسلمہ کے حکمران بالعموم ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں نسلی صفائی جاری ہے، مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی منظم سازش کی جارہی ہے۔ کشمیر کے مسئلے کا حل ہائی وے کا نام تبدیل کرنے، کالی پٹیاں باندھنے، ایک منٹ کی خاموشی اور جمعہ کے جمعہ مظاہروں میں نہیں بلکہ اس کا واحد حل جہاد فی سبیل اللہ ہے۔ احتجاج عوام کا کام ہے، ریاست کے پاس طاقت اور اسلحہ ہے، ریاست کو بے دست وپا عوام کی طرح احتجاج نہیں بلکہ ایکشن کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکدرہ میں الخدمت فاؤنڈیشن لوئر دیر کی جانب سے رضا کاروں کے اعزاز میں دی گئی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی دیر لوئر کے امیر اعزاز الملک افکاری، تحصیل ادینزئی کے امیر سید سلطنت یار اور الخدمت فاؤنڈیشن کے لوئر دیر کے صدر فضل محمود نے بھی خطاب کیا۔

مشتاق خان کا کہنا تھا کہ دیر چترال باجوڑ موٹروے کو سی پیک میں شامل کیا جائے، یہ یہاں کے عوام کا حق ہے۔ مراد سعید سے کہتا ہوں کہ فائلوں سے عوام مطمئن نہیں ہوں گے، ایک مہینے کے اندر اندر اگر دیر چترال موٹروے کو سی پیک میں شامل نہیں کیا گیا تو دیر چترال باجوڑ کے عوام کو سڑکوں پر لائیں گے اور حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ کراچی میں جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی پر بم حملہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کی ناکامی ہے۔ شرم کی بات ہے حکومت دن کی روشنی میں کشمیریوں کے حق میں نکالی گئی ریلی کو تحفظ فراہم نہ کرسکی۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے ہر موقع پر بلاتفریق رنگ و نسل قوم کی خدمت کی۔ اب بھی الخدمت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے سینکڑوں پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے۔ مخیر حضرات الخدمت فاؤنڈیشن کی مالی مدد کے لئے آگے آئیں۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ سینیٹ میں علی گیلانی کو نشان پاکستان دینے کے لئے جمع کی گئی قرارداد پر حکومت نے سید علی گیلانی کے لئے نشان پاکستان کا اعلان کیا، لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت پورے پاکستان کے تعلیمی نصاب میں بچوں کو سید علی گیلانی کی جدوجہد کے بارے میں پڑھانے کا اہتمام کرے تاکہ ہماری آنے والی نسل کشمیر یوں اور سید علی گیلانی کی جدوجہد سے آگاہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 878778
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش