QR CodeQR Code

داعش کیخلاف حشد الشعبی و عراقی فوج کیجانب سے صوبہ نینوی میں وسیع آپریشن کا آغاز

6 Aug 2020 23:45

عوامی مزاحمتی فورس حشد الشبعی کی ویبسائٹ کیمطابق یہ مشترکہ و وسیع آپریشن عراق کے صوبہ نینوی میں شروع کیا گیا ہے جبکہ جزیرہ الحضر اور وادی الثرثار سے اس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی اور سرکاری فوج کی جانب سے بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم داعش کے خلاف ایک وسیع آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عوامی مزاحمتی فورس حشد الشبعی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ مشترکہ و وسیع آپریشن عراق کے صوبہ نینوی میں شروع کیا گیا ہے جبکہ جزیرہ الحضر اور وادی الثرثار سے اس کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وسیع آپریشن میں حشد الشعبی کے لشکر 44 و 21 اور فوج کے لشکر 43 سمیت مختلف سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے۔

عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کے نینوی کے کمانڈر خضیر المطروحی نے اس حوالے سے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صوبہ امن و امان کے لحاظ سے مستحکم ہے اور کسی قسم کی پریشانی موجود نہیں۔ المطروحی نے کہا کہ ہم موصل آئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک اور فرقہ وارانہ تعصب سے ہٹ کر صرف اور صرف امن و امان کو بحال کر کے عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ صوبہ نینوی میں حشد الشعبی کی اعلی کمان اور عراقی فوجی قیادت کے درمیان اعلی درجے کی ہم آہنگی موجود ہے، زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ پورے علاقے کو فوجی رنگ دے دیں بلکہ ہمارا مقصد پناہ گزینوں کی واپسی اور ان کو مدد پہنچانا ہے۔


خبر کا کوڈ: 878779

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878779/داعش-کیخلاف-حشد-الشعبی-عراقی-فوج-کیجانب-سے-صوبہ-نینوی-میں-وسیع-آپریشن-کا-آغاز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org