QR CodeQR Code

کراچی میں شدید گرمی اور حبس کے بعد موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری

6 Aug 2020 23:48

سب سے زیادہ بارش صدر میں 28 ملی میٹر (ایک انچ سے زائد) ریکارڈ ہوئی، 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، بارش کا سلسلہ ہفتے کی شام تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں دن بھر کی شدید گرمی اور حبس کے بعد مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جو آئندہ 3 روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقے بھارتی ریاست گجرات سے آنے والے مون سون بارشوں کے سسٹم کے زیر اثر ہیں۔ صبح ہی سے ساحلی علاقوں میں سمندری ہوائیں بند تھیں اور ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت درجہ حرارت سے کئی ڈگری زائد محسوس کی جا رہی تھی۔ شدید گرمی اور حبس کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے بعد کئی علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگئے۔ مون سون بارشوں کے نئے سسٹم کے باعث کراچی اور حیدر آباد میں موجودہ مون سون سلسلے کی وجہ سے 100 سے 120 ملی میٹر بارشیں ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ شہر میں بارش کے بعد نکاسی آب نہ ہونے کے باعث اہم شاہراہیں اور سڑکیں زیر آب آگئیں، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی۔

جمعرات کو مون سون کے چوتھے اسپیل  کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارشں ہوئی۔ کئی مقامات پر بارش سے قبل معمول سے تیز ہوائیں چلیں۔ سب سے زیادہ بارش صدر میں 28 ملی میٹر (ایک انچ سے زائد) ریکارڈ ہوئی، 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، بارش کا سلسلہ ہفتے کی شام تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے۔ بارش سے قبل تیز آندھی بھی چل سکتی ہے۔ کراچی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے باعث نالوں کا گندا پانی گھروں میں داخل ہونے کے بعد ان نالوں کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے، بلدیاتی اداروں کے علاوہ این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او بھی بھر پور طریقے سے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔


خبر کا کوڈ: 878781

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878781/کراچی-میں-شدید-گرمی-اور-حبس-کے-بعد-موسلا-دھار-بارش-کا-سلسلہ-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org