0
Friday 7 Aug 2020 03:41

سعید غنی نے وفاقی کابینہ میں شامل وزراء کو نااہل قرار دے دیا

سعید غنی نے وفاقی کابینہ میں شامل  وزراء کو نااہل قرار دے دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ نااہل اور چول وفاقی وزراء جس طرح میڈیا پر آکر دھڑلے سے جھوٹ پر جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اب عوام ان کے جھوٹ سے اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں، چینی کا بحران پیدا کرنے والوں، آٹے کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی پشت پناہی کرنے والوں اور اس ملک کی معیشت کا جنازہ نکالنے والوں کو کسی کے حوالے کرنے کی کوئی کیوں بات نہیں کررہا؟۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سراج قاسم تیلی ہمارے اچھے دوست ہیں، آج سے ایک ماہ قبل اُنہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اور اس سے قبل بھی کئی بار مراد علی شاہ کے اقدامات کی تعریف اور سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہا تھا لیکن اب ایک ماہ میں ایسا کیا ہوا کہ وہ کراچی کو کسی کے حوالے کرنے بات کررہے ہیں؟ وہ اس جواب خود ہی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آنے سے قبل کسی نے بھی کراچی کے حالات پر کسی کے حوالے کرنے کی بات نہیں کی بلکہ خود سراج قاسم تیلی اور دیگر حالات خراب کرنے والوں کو بھتہ دیتے رہے ہیں، چینی کا بحران، آٹے کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی پشت پناہی اور اس ملک کی معیشت کا جنازہ نکالنے والوں کو کسی کے حوالے کرنے کی کوئی کیوں بات نہیں کررہا؟۔

سعید غنی نے کہا کہ میں چیلنج سے کہتا ہوں کہ گذشتہ دو سال کے دوران وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کے مقابلےمیں سندھ حکومت کی کارکردگی سب سے بہتر رہی ہے اور وہ بہتر کام کررہی ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ نالوں کی صفائی کا اصل کام نہ وفاقی حکومت کا ہے اور نہ ہی سندھ حکومت کا ہے یہ کام کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کا ہے، سندھ حکومت نے ہمیشہ کے ایم سی کی جانب سے فنڈز کی کمی پر نہ صرف ان کا ساتھ دیا بلکہ اس بات ہم نے ایک منظم انداز سے نالوں کی صفائی کے لئے کام آغاز کیا ہے اور اس وقت تک ورلڈ بینک کی جانب سے ہمیں ایک ڈالر بھی موصول نہیں ہوا ہے بلکہ یہ کام وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے خصوصی فنڈز کے اجراء سے شروع کیا گیا ہے، اس کو بھی پی ٹی آئی کے نااہل اور نالائق چول وزراء دوسرا رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں، ہمیں کسی پوائنٹ اسکورننگ کی ضرورت نہیں ہے، ہم نے عوامی مفاد میں کام کرنا ہے اور ہم کرتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 878796
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش