QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی اور نون لیگ حکومتی سہولتکار، سراج الحق

حکومت نے باہمی معاونت بل منظور کر کے ملکی خود مختاری کا سودا کر دیا

7 Aug 2020 15:31

سینیٹر سراج الحق نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کردہ میوچل لیگل اسسٹنٹس کریمنل میٹرز (ایم ایل اے) ترمیمی بل 2020ء پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ بل پاکستان کو ہمیشہ کیلئے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دینے کیلئے پاس کیا گیا، جس میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ماضی کی طرح حکومت کے خاموش سہولت کار کا کردار ادا کیا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ باہمی معاونت بل ملک کو ہمیشہ کے لیے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا غلام بنا دے گا۔ سینیٹر سراج الحق نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کردہ میوچل لیگل اسسٹنٹس کریمنل میٹرز (ایم ایل اے) ترمیمی بل 2020ء پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ بل پاکستان کو ہمیشہ کیلئے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دینے کیلئے پاس کیا گیا، جس میں پیپلز پارٹی اور نون لیگ نے ماضی کی طرح حکومت کے خاموش سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ عالمی دباﺅ پر قانون سازی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، حکومت مشاورت کرتی ہے اور نہ ہی رائے عامہ کا احترام کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ بڑی پارٹیوں کے ساتھ کچھ لو اور کچھ دوکا معاملہ کرکے معاملات طے کئے ہیں، حکومت نے چند ڈالرز کے عوض ملکی آزادی اور خود مختاری کا سودا کیا ہے، ہم اس بل کو مسترد کرتے ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے بتایا کہ اس بل کے تحت پاکستانی شہری دوسرے ملکوں کے حوالے کئے جائیں گے، یہی کام سابقہ حکومتوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی ،یوسف رمزی اور ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرکے کیا۔ اس بل کی رو سے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک جسے چاہیں گے دہشت گرد قرار دیں گے، حکومت نے یہ بل اس لئے پاس کیا کہ گناہ گناہ نہ رہے اور ثواب نظر آئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کثرت رائے سے میوچل لیگل اسسٹنٹس کریمنل میٹرز (ایم ایل اے) ترمیمی بل 2020ء منظور کر لیا گیا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون نے بل کی حمایت جب کہ متحدہ مجلس عمل، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، محسن داوڑ اور علی وزیر نے مخالفت کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 878880

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878880/پیپلز-پارٹی-اور-نون-لیگ-حکومتی-سہولتکار-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org