QR CodeQR Code

7 اگست 1958ء

نشان حیدر پانیوالے میجر محمد طفیل شہید کا 62 واں یوم شہادت

7 Aug 2020 15:42

7 اگست 1958ء کو لکشمی پور میں بھارتی فوج کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے بحیثیت کمانڈر میجر طفیل نے اپنے ونگ کے ساتھ دشمن کی چوکی کے عقب میں پہنچ کر فقط 15 گز کے فاصلے سے حملہ آور ہوئے، دشمن نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے مشین گن سے فائرنگ شروع کر دی۔


اسلام ٹائمز۔ لکشمی پور مشرقی پاکستان میں دشمنوں کو ناکوں چنے چبوانے والے میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کا 62 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے. میجر طفیل محمد نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے دوسرے سپوت تھے۔ میجر طفیل محمد شہید کا شمار قوم کے ان جانباز سپوتوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے وطن کی آن شان اور حفاظت کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا، میجر طفیل محمد شہید 22 جولائی 1914ء میں مشرقی پنجاب کے شہر ہوشیار پور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1943ء میں پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور 1947ء میں جب وہ میجر کے عہدے تک پہنچے تو اپنے پورے خاندان کے ہمراہ پاکستان آ گئے اور یہاں فوج میں خدمات انجام دینے لگے۔ میجر طفیل شہید جہاں ایک ذمے دار آفیسر تھے، وہیں ایک ذہین اور تجربہ کار انسٹرکٹر کی حیثیت سے بھی جانے جاتے تھے، میجر طفیل محمد کو کمپنی کمانڈر بنا کر مشرقی پاکستان رائفلز میں تعینات کیا گیا۔  7 اگست 1958ء کو لکشمی پور میں بھارتی فوج کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے بحیثیت کمانڈر میجر طفیل نے اپنے ونگ کے ساتھ دشمن کی چوکی کے عقب میں پہنچ کر فقط 15 گز کے فاصلے سے حملہ آور ہوئے، دشمن نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے مشین گن سے فائرنگ شروع کر دی۔

میجر طفیل چونکہ اپنی پلاٹون کی پہلی صف میں تھے اس لیے وہ گولیوں کی پہلی ہی بوچھاڑ سے زخمی ہو گئے تاہم وہ زخمی ہونے کے باوجود آگے بڑھتے رہے اور انہوں نے ایک دستی بم پھینک کر دشمن کی مشین گن کو ناکارہ بنایا۔ میجر طفیل محمد نے لکشمی پور مشرقی پاکستان میں جرأت و بہادری کی تاریخ رقم کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کا صفایا کیا اور گھمسان جنگ کے بعد ملک کی حفاظت کرتے ہوئے جان دے کر شہادت کا درجہ حاصل کیا۔ میجر طفیل محمد کو فاتح لکشمی پور بھی کہا جاتا ہے جبکہ 5 نومبر 1959ء کو صدر پاکستان فیلڈ مارشل محمد ایوب خان نے کراچی میں ایوان صدر میں منعقد ہونے والی تقریب میں میجر طفیل محمد کی صاحبزادی نسیم اختر کو یہ اعزاز عطا کیا۔ میجر طفیل محمد شہید کی لازوال قربانی کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا۔ میجر طفیل محمد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے دوسرے سپوت تھے۔ میجر طفیل محمد شہید کا مزار پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل بورے والا کے قریب دہلی ملتان روڈ پر گاؤں 253 ای بی میں واقع ہے جس کو طفیل آباد کے نام سے جانا جاتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 878882

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878882/نشان-حیدر-پانیوالے-میجر-محمد-طفیل-شہید-کا-62-واں-یوم-شہادت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org