0
Friday 7 Aug 2020 22:14

لاہور، آصف جلالی کی رہائی کیلئے کارکنوں کا احتجاجی مظاہرہ

لاہور، آصف جلالی کی رہائی کیلئے کارکنوں کا احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) اور تحریک صراط مستقیم کے زیراہتمام لاہور پریس کلب شملہ پہاڑی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ (ص) کے قائم مقام امیر مولانا قاری محمد فرمان علی حیدری نے کہا کہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی اہلسنت و جماعت کی جاندار آواز ہیں، چند عناصر کی ایماء پر آواز حق کو دبانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن اہلسنت کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے اور ہمارے قائد کو رہا کرے۔ اہلبیت اطہارؑ کی عظمت اور صحابہ کرام کی محبت اہلسنت کے ایمان میں شامل ہے، یہ اہلسنت کیخلاف ایک سازش اور پروپیگنڈے کے تحت کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے سواد اعظم اہلسنت کے عقائد کا تحفظ کیا جو اہل حق کا فریضہ ہے۔

مولانا محمد فیاض وٹو جلالی نے کہا کہ ہم ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کی جھوٹی ایف آئی آر پر گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں جنہوں نے گستاخی کا جھوٹا الزام لگایا ہے انہیں قانون کے کٹہرے میں لائیں اور جلد از جلد ڈاکٹر اشرف آصف جلالی صاحب کو باعزت رہا کیا جائے۔ اہلسنت پُرامن قوم ہے مگر اس کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی نے کہا کہ اسلام کی سر بلندی کی خاطر قربانی دینا شروع سے ہی اہل حق کا شعار ہے، عظمت اہلبیتؑ و عظمت صحابہ (رض) کیلئے کسی قربانی سے دریغ  نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کو دفاع عظمتِ فاطمۃ الزھراؑ اور دفاع عظمت حضرت صدیق اکبر کی سزا دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہلسنت سے تعلق رکھنے والے بعض علماء مشائخ نے اہلسنت کے نظریات سے بیوفائی کا ارتکاب کیا، ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے قائد کو جلد از جلد باعزت رہا کرے۔ ڈاکٹر جلالی کی بلاجواز گرفتاری حکومت کی یک طرفہ پالیسی کا ثبوت ہے۔ حکومت کو غیر جانبدار ہو کر اس مسئلہ کا حل نکالنا چاہیے۔ مولانا حامد مصطفی جلالی نے کہا کہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے حق کے پرچم کو بلند کرنے کی خاطر جیل کی سختیوں کو قبول کر کے اسلاف کی یاد تازہ کر دی ہے، آپ نے اہل سنت و جماعت کو ایک نیا ولولہ اور جذبہ دیا ہے، جلالی کو بلاجواز قید میں رکھنا پاکستان کے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کو جلد از جلد با عزت رہا کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 878939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش