QR CodeQR Code

بیروت دھماکے کے باعث 1 لاکھ بچے بےگھر ہو گئے ہیں، اقوام متحدہ

7 Aug 2020 22:34

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف نے اپنی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ بیروت دھماکے کے باعث 120 سکولز بھی تباہ ہوئے ہیں جن میں 55,000 لبنانی بچے سبق پڑھا کرتے تھے۔ علاوہ ازیں ورلڈ فوڈ پروگرام نے اس دھماکے سے ہونیوالے شدید نقصان کے باعث لبنان کے اندر ممکنہ غذائی ناامنی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بچوں کے فنڈ سے متعلق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف (UNICEF) نے اعلان کیا ہے کہ بیروت میں ہونے والے دھماکے کے باعث 1 لاکھ بچے بے گھر ہوئے ہیں جو اب آوارگی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق، لبنان کے لئے یونیسف کے نمائندے نے اپنی گفتگو میں کہا ہے کہ اس دھماکے کے باعث بیروت کے 120 سکول بھی تباہ ہو گئے ہیں جن کے اندر 55,000 بچے پڑھتے تھے۔

دوسری طرف اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ بیروت دھماکے سے ہونے والے نقصان کے باعث بیروت میں ممکنہ غذائی ناامنی کے حوالے سے پریشان ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیروت حادثے کے تمام متاثرہ خاندانوں کے لئے غذائی سامان پر مشتمل ایک پیکیج مہیا کیا جائے گا جبکہ غذائی قلت سے بچنے کے لئے بیروت میں گندم، آٹا اور دالوں کو بھی جلد پہنچایا جائے گا۔

علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرت نے بھی بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لئے پناہگاہ کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کے حالات انتہائی غم آور ہیں۔ آخری اطلاعات کے مطابق بیروت دھماکے میں جانبحق ہونے والوں کی تعداد 154 جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 5000 سے زائد ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں اس دھماکے میں لاپتہ ہونے والوں کی تعداد 10,000 بتائی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 878947

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/878947/بیروت-دھماکے-کے-باعث-1-لاکھ-بچے-بےگھر-ہو-گئے-ہیں-اقوام-متحدہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org